بھارت کورونا وبا کی آڑ میں کشمیریوں کی بے دریغ نسل کشی کر رہا ہے، حریت فورم آزاد کشمیر شاخ

عالمی برادر ی ، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں، فیض نقشبندی

جمعہ 12 جون 2020 22:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2020ء) مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے کہا ہے کہ بھارت کورونا وبا کی آڑ میں کشمیریوں کی بے دریغ نسل کشی کر رہا ہے جس کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینرسید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں آئے روزبے گناہ نوجوانوں کا جعلی مقابلوں میں قتل،نوجوانوں کی جھوٹے مقدمات میں گرفتار ی، گھروں کی تباہی اور جبر واستبداد کی دیگر کارروائیاں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے بھی بڑی پیمانے پر اقدامات کر رہا ہے اور تین لاکھ بھارتی ہندوئوں کو مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکٹس کا اجراء اس کے اس مذموم منصوبے کا حصہ ہے ۔

(جاری ہے)

سید فیض نقشبندی نے کہا کہ دس لاکھ ریٹائیرڈ بھارتی فوجیوں کو بھی مقبوضہ کشمیر میں بسایا جارہا ہے جبکہ کشمیر میں مختلف تاریخی مقامات اور محکموں کے نام تبدیل کر کے انہیں مختلف ہندو شخصیات کے ناموں سے منسوب کیا جارہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں ایک نئی میڈیا پالیسی کا بھی اعلان کیا ہے جس کے ذریعے پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا پر مختلف بندشیں عائد کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نئی پالیسی کے تحت انتظامیہ شائع اور نشر ہونے والے مواد کی خود نگرانی کرکے بھارتی مظالم کے حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آنے دے گی۔ سید فیض نقشبندی نے کہا کہ بھارت ظلم ستم کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا راستہ کسی صورت روک نہیں سکتا اور وہ اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔

انہوں نے فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی سمیت گھروں اورجیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنمائوں، کارکنوں اور عام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوںنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

حریت فورم نے عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے رکن ملکوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے اور تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔