پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کھڑا ہوگا، پاکستان بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرتا رہے گا

پاکستان کے ہائی کمشنر جنرل ( ریٹائرڈ) محمد سعد خٹک کا کولمبو ٹائمز میں مضمون

ہفتہ 1 اگست 2020 19:35

کولمبو۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2020ء) سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر جنرل ( ریٹائرڈ) محمد سعد خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کھڑا ہوگا، پاکستان بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بے نقاب کرتا رہے گا۔ کولمبو ٹائمز میں اپنے ایک مضمون میں انہوں نے کہا کہبھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کے انتہائی سفاکانہ، ظالمانہ اور سفاکانہ محاصرے کے 365 دن پورے ہوگئے۔

اس سے پہلے جدید دنیا نے ایسا محاصرہ نہیں دیکھا ہو گا۔ نام نہاد مہذب دنیا کی آنکھوں کے سامنے نہتے شہریوں کا قتل عام، آبروزی اور تباہی کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی طاقتوں نے اپنے اقتصادی مفادات کیلئے اپنی آنکھوں کو بند کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو فاشسٹ مودی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ، جنیوا کنونشن کے تحت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اپنے آئین کی خلاف ورزی کی۔

بین الاقوامی برادری ، اقوام متحدہ ، او آئی سی ، انفرادی ممالک ، کانگریس ، پارلیمنٹس سمیت مختلف بین الاقوامی تنظیموں نے اس حوالے سے اپنی آواز اٹھائی لیکن اس کے بعد کسی نے بھی اس بھارت کے خلاف معنی خیز اقدامات نہیں کیے یوں یہ معاملہ نظر انداز ہوگیا۔جہاں کورونا وائرس کی وبا نے ملکوں کے صحت کے نظام کو مشکل صورتحال سے دوچار کیا اور اس مہلک وبائی مرض پر قابو پانے کیلئے دنیا بھر میں ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا وہیں بھارت سیکڑوں اور ہزاروں افراد کی موت کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے تباہی کے شکار صحت کے نظام پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے اس صورتحال کو اپنے غیر قانونی قبضہ کئے گئے علاقوں پر اپنی گرفت کو مضبوط کرنے کے موقع کے طور پر استعمال کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔

مضمون میں کہا گیا کہ دنیا ابھی تک بیان بازی سے ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھی تو دوسری طرف بھارت جعلی مقابلوں اور دیگر بہانوں کے ذریعہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ، وہ بیک وقت ہزاروں بھارتی شہریوں کو آباد کر کے ڈومیسائل قوانین کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سیاسی اور سفارتی حمایت کے ذریعے بین الاقوامی برادری کو حساس دلانے اور بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کی قراردادوں ، جنیوا کنونشن ، بین الاقوامی قانون ، دو طرفہ معاہدوں کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کیخلاف غیر انسانی ظلم کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا ۔بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انصاف اور انسانی حقوق کیلئے آگے بڑھنے اور آواز بلند کرنے کی خاطر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے پرنٹ ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سمیت تمام ذرائع کا استعمال کیا جائے گا۔

پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کھڑا ہوگا کیونکہ وہ ہمارا حصہ ہیں ۔ پاکستان اپنے لوگوں یعنی جموں و کشمیر کے عوام سے کیسے لاتعلق رہ سکتا ہی یہ قومی عزم ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کو حق خود ارادیت حاصل کرنے میں مدد دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ وقت ہاتھ سے نکل رہا ہے کیونکہ بھارت امن کی آوازیں نہیں سن رہا ہے۔