اگر سندھ حکومت ہی پنجاب کے ہر بحران کی ذمہ دار ہے تو صوبہ ٹھیکے پر مراد علی شاہ کو دیا جائے ‘ پیپلز پارٹی

نااہل وفاقی حکومت کی سندھ حکومت کو دھمکیاں وفاق پاکستان پر حملہ ہیں‘ سیکرٹری اطلاعا ت مولا بخش چانڈیو

منگل 4 اگست 2020 20:53

اگر سندھ حکومت ہی پنجاب کے ہر بحران کی ذمہ دار ہے تو صوبہ ٹھیکے پر مراد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نااہل وفاقی حکومت کی سندھ حکومت کو دھمکیاں وفاق پاکستان پر حملہ ہیں، عمران خان حکومت صرف نااہل ہی نہیں مافیاز کی سہولت کار بھی ہے ،خان صاحب اور ان کے انمول رتن نے پنجاب جیسے خوشحال صوبے کو کنگال کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں مولابخش چانڈیو نے کہا کہ پنجاب میں آٹے کا بحران پیدا کر کے ذمہ دار حکومت سندھ کو قرار دیا جا رہا ہے، اگر سندھ حکومت ہی پنجاب کے ہر بحران کی ذمہ دار ہے تو صوبہ ٹھیکے پر مراد علی شاہ کو دیا جائے ، سندھ کو گورنر راج کی دھمکیاں سندھ پر نہیں آئین اور وفاق پر وار ہے ،یہ نالائق ناعاقبت اندیش حکمران ان دھمکیوں کا نتیجہ نہیں جانتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبوں کے خلاف اسلام آباد سے چلائی جانے والی یہ مہم معمولی بات نہیں ہے ،اگر سندھ یا کسی صوبے نے وفاقی حکومت کے اقدامات کا جواب دیا تو سوچیں بات کہاں جائے گی ،عمران خان اور ان کے وزرا ء ہوش کا ناخن لیں ، ملک کے ساتھ مت کھیلیں ۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ کشمیر سے دستبردار ہونے والی حکومت اپنے صوبوں کو آنکھیں دکھا رہی ہے، عمران خان کا محبوب بھارتی وزیراعظم کشمیر ہڑپ کر گیا اور یہ بھاشن دیتے رہے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ نہ کشمیریوں کو قبول ہے نہ ہم کریں گے، عمران حکومت بیشک خاموش رہے مگر قوم خاموش نہیں رہے گی ، ہم بھٹو ، بینظیر بھٹو شہید اور بلاول بھٹو زرداری کی جماعت ہیں ،پیپلز پارٹی کشمیر پر کوئی سمجھوتا قبول نہیں کرے گی ، کشمیر مسئلہ چند منٹ کی خاموشی یا سلیکٹڈ کے بے سرو پا بھاشنوں سے اجاگر نہیں ہوگا ،مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے مدبرانہ سفارتکاری اختیار کرنا ہوگی۔