بھارتی فاشست قیادت جان لے کہ قتل عام اور لوگوں کو دبانے سے مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں

اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات پر عمل سے تنازعہ کشمیر کا حل ممکن ہوگا، پاکستانی عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کیلئے متحد ہیں، کشمیر کاز کیلئے حکومت پاکستان اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی: سابق آرمی چیف راحیل شریف کا پاکستان سفارت خانہ ریاض میں منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 30 اکتوبر 2020 01:10

بھارتی فاشست قیادت جان لے کہ قتل عام اور لوگوں کو دبانے سے مسئلہ کشمیر ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) سابق آرمی چیف راحیل شریف کا کہنا ہے کہ بھارتی فاشست قیادت جان لے کہ قتل عام اور لوگوں کو دبانے سے مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے بھی شرکت کی۔

سیمینار کے دوران خطاب کرتے ہوئے راحیل شریف نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے شرکاء سے خطاب کا موقع ملنا اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔ مسئلہ کشمیر ہمیشہ سے پاکستانی عوام کے دل کے قریب ہے، کیوںکہ ہم آغاز سے ہی اس جدوجہد کے محرکات سے آگاہ ہیں۔ ہم اپنے کشمیریوں بھائیوں کی تکالیف کے گواہ ہیں، آزادی کے بعد سے بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

جدوجہد آزادی کے دوران اب تک ہزاروں کشمیری اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں۔ دعا ہے اللہ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے۔ راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ظالمانہ لاک ڈاون، بدترین قتل و غارت اور غیر انسانی رویے کے باوجود نریندر مودی کی فاشست و قابض حکومت اور بھارتی سیکورٹی فورسز کشمیریوں کے حوصلے اور عزم کو توڑنے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔

بنیادی حقوق کے حصول کی اس جدوجہد میں ہم پاکستانی کشمیریوں کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیری بے مثال قربانیاں دینے کے باوجود اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں۔ بھارت کے غیر قانونی قبضے اور کشمیری مسلمانوں کیخلاف کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عالمی برادری بھی مذمت کر چکی، بلکہ کئی ہندوستانی بھی اس کی مذمت کر چکے۔

پاک فوج کے سابق سپہ سالار نے مزید کہا کہ اگر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی اس خلاف ورزی کو روکنا نہ گیا، تو نتیجاتاً معصوم کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کر دیا جائے گا، اور پھر خطے کا امن مزید خراب ہوگا۔ بھارتی فاشست قیادت جان لے کہ قتل عام اور کشمیریوں کو دبانے سے مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات پر عمل سے تنازعہ کشمیر کا حل ممکن ہوگا۔

متعدد بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر تسلیم کیا گیا ہے کہ تنازعہ کشمیر برصغیر کی آزادی کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ پاکستانی عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کیلئے متحد ہیں، انشاء اللہ کشمیر کاز کیلئے حکومت پاکستان اور عوام اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ اقوام عالم سے اپیل ہے کہ وہ قدم بڑھائیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور ہندوستان میں مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات کریں۔

اقوام متحدہ کو کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے کوششیں کرنی چاہیئے، اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق اور حق خود ارادیت کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے۔ راحیل شریف نے تقریر کے اختتام پر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا وہ کشمیر کاز کو زندہ رکھنے پر ان سب کے شکرگزار ہیں، اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو، پاکستان پائندہ باد!