Live Updates

پی ڈی ایم تحریک سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

اتوار 22 نومبر 2020 02:10

پی ڈی ایم تحریک سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2020ء) : وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن کے بیانیے سے وزیراعظم عمران خان سیاسی طور پر مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور وہ اپنے 5 سال پورے کریں گے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے، وہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، کبھی خود کو وزارت عظمیٰ اور صدارت کیلئے اہل نہیں سمجھا، اپنے سیاسی کیریئر سے مطمئن ہوں، اگر مخالفین نے الیکشن لڑنے پر مجبور نہ کیا تو ریٹائرمنٹ چاہوں گا۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور جلسے کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں تصادم دکھائی نہیں دے رہا، عوام کو جمع کئے بغیر بھی اپوزیشن اپنی بات عوام تک پہنچا سکتی ہے، کورونا پھیل گیا تو معیشت بیٹھ جائے گی اور ملک میں مسائل بڑھیں گے، لوگوں کو معاشی بحران سے بچانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت جانے کی تاریخیں دینا سیاسی مارکیٹنگ ہے جو ہر اپوزیشن اپنے ورکروں کو مطمئن کرنے کیلئے کرتی ہے، کبھی جلسے جلوسوں سے حکومتوں کو گرتے ہوئے نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت ملکی سالمیت اور قومی مفادات کے معاملات پر ایک پیج پر ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کورونا پر سیاست کرنے کیلئے لندن سے آئے تھے کہ معیشت بیٹھ جائے گی اور حکومت کا سروائیول مشکل ہو گا لیکن وزیراعظم عمران خان نے موثر حکمت عملی کے تحت صورتحال کو ہینڈل کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، یہ لوگ نظام کو بندگلی کی طرف لیکر جا رہے ہیں جو سب کیلئے نقصان دہ ہو گا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بارہا کہہ چکے ہیں کہ نیب کیسز اور این آر او کے علاوہ وہ ہر معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ بات کرنے کیلئے تیار ہیں، اپوزیشن جماعتیں حکومت کے ساتھ مل کر مہنگائی اور بے روزگاری ختم کرنے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز جماعت کو ٹیک اوور کر چکی ہیں، مریم نواز اپنے والد کے بیانیے کو لیکر آگے چل رہی ہیں، شہباز شریف کو مریم نواز اور نواز شریف کے بیانیے نے نقصان پہنچایا ہے، ریاست مخالف بیانیے کی وجہ سے ن لیگ کے کئی لوگ الگ ہو سکتے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے پر کام مکمل کر لیا ہے، منصوبہ سی این سی اور سی این ڈبلیو سے پاس ہو گیا ہے، اب چین نے آ کر دستخط کر کے کام شروع کرنا ہے، نالہ لئی پر کام شروع ہو جائے تو خود کو سرخرو سمجھوں گا۔ کراچی سرکلر ریلوے جزوی طور پر بحال ہوا ہے اور سپریم کورٹ کے بغیر کے سی آر نہیں چل سکتی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات