Live Updates

کورونا کیسز ایسے ہی بڑھتے گئے تو لاک ڈاوَن کرنے پر مجبور ہو جائیں گے،وزیراعظم

پی ڈی ایم جلسے کر کے عوام کی زندگی اور روزی خطرے میں ڈال رہی ہے،مکمل لاک ڈاوَن ہونے پر نتائج کی ذمہ داری پی ڈی ایم کی ہوگی،وزیر اعظم عمران خان کا ٹویٹ

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی اتوار 22 نومبر 2020 12:08

کورونا کیسز ایسے ہی بڑھتے گئے تو لاک ڈاوَن کرنے پر مجبور ہو جائیں گے،وزیراعظم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 نومبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تشویشناک ہے۔گزشتہ 15 دنوں میں وینٹی لیٹرز پر کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جلسے کر کے عوام کی زندگی اور روزی خطرے میں ڈال رہی ہے،واضح کردوں اگر اپوزیشن لاکھوں جلسے بھی کر لے تو ان کو این آر او نہیں ملے گا کیسز ایسے ہی بڑھتے گئے تو لاک ڈاوَن کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، مکمل لاک ڈاوَن ہونے پر نتائج کی ذمہ داری پی ڈی ایم کی ہوگی، ملک بھر میں کورونا کیسز کی بڑھتی صورتحال تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پشاور اور ملتان میں وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا ۔

(جاری ہے)

کراچی 148 ،لاہور 114،اسلام آبادمیں 65فیصد مریض وینٹی لیٹرپرگئے ۔
دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدید ہوتی جا رہی ہے جس کے باعث آج مزید 59 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں مجموعی طور پر 7 ہزار 662 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 2665 نئے کورونا مریض بھی سامنے آ گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں 3 لاکھ 74 ہزار 173 شہری کورونا وبا کا شکار ہو چکے ہیں، اور ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 36 ہزار 683 تک پہنچ گئی جن میں سے 1653 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں اب تک 51 لاکھ 80 ہزار 26 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں، کورونا مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ سندھ میں ہے جہاں ایک لاکھ 62 ہزار 227 افراد وبا کا شکار ہوئے ہیں جبکہ پنجاب میں ایک لاکھ 14 ہزار 10، خیبرپختونخوا 44 ہزار 97، بلوچستان میں 16744 جبکہ گلگت بلستستان میں 4 ہزار 526 افراد مرض میں مبتلا ہیں۔

آزاد جموں کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار اور اسلام آباد میں 26 ہزار 569 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کو شکست دے کر زندگی کی طرف لوٹنے والے افراد کی ملک بھر میں تعداد 3 لاکھ 29 ہزار 828 ہے، سندھ میں ایک لاکھ 45 ہزار525، پنجاب میں 97 ہزار 991، خیبرپختونخوا میں 39 ہزار 930 اور بلوچستان میں 15 ہزار 990 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے۔ گلگت بلتستان میں 4 ہزار 270 افراد اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 410 افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات