Live Updates

پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں خون خرابہ ہونے کا دعویٰ کردیا گیا

24 مارچ کو لاہور سے کچھ ٹارگٹ کلر اسلام آباد پہنچ جائیں گے، پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں خون خرابہ ہوسکتا ہے، عارف حمید بھٹی کا تجزیہ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 23 فروری 2021 21:08

پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں خون خرابہ ہونے کا دعویٰ کردیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 فروری2021ء) سینئر صحافی نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں خون خرابہ ہونے کا دعویٰ کردیا ۔تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ 24 مارچ کو لاہور سے کچھ ٹارگٹ کلر اسلام آباد پہنچ جائیں گے، پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں خون خرابہ ہو سکتا ہے ۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلرز کو پیمنٹ کی جا چکی ہے ۔

مجھے نہیں معلوم کس نے رقم دی لیکن رقم دی جا چکی ہے ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی ایسے ہی ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والوں کو پتہ ہے وہاں بیٹھنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اس لیے جب تک کچھ خون خرابہ ہوگاا نہیں ہوگا، معاملات حل نہیں ہوں گے ۔ عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج احتساب بند کردیں ، یہ لانگ مارچ نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے ۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال کی زیر صدارت پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں سینیٹ انتخابات اور لانگ مارچ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس میں حکومت مخالف لانگ مارچ کی کامیابی کیلئے اپوزیشن کی حکمت عملی اور اخراجات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف ، عثمان کاکڑ ، سکندر شیر پاوَ اور میاں افتخار بھی شریک ہوئے جہاں مسلم لیگ ن اور اے این پی کی جانب سے کہا گیا کہ لانگ مارچ کے دوران تمام جماعتیں اپنے کارکنوں کے اخراجات خود اٹھائیں۔

دوسری طرف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں ہونے والے لانگ مارچ کو مہنگائی مارچ کا نام دینے کا فیصلہ کرلیا ، میڈیا ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کا اجلاس پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا ، جس میں مسلم لیگ ن کی طرف سے نائب صدر مریم نواز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، اے این پی سے امیر حیدر ہوتی کے علاوہ آفتاب شیرپاؤ ، محمود خان اچکزئی اور دیگر رہنماوں نے بھی شرکت کی ، بتایا گیا ہے کہ اجلاس اپوزیشن اتحاد نے فیصلہ کیا گیا حکومت کے خلاف ہونے والے لانگ مارچ کو مہنگائی مارچ کا نام دیا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات