Live Updates

سینیٹ انتخابات، بدھ کے روز ہوئی ووٹنگ کے دوران ن لیگ ایک بھی نشست جیتنے میں ناکام

مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخواہ، بلوچستان اور سندھ میں کوئی امیدوار ہی کھڑا نہیں کیا، قومی اسمبلی میں خواتین کی نشست پر نامزد امیدوار کو شکست ہوئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 مارچ 2021 00:27

سینیٹ انتخابات، بدھ کے روز ہوئی ووٹنگ کے دوران ن لیگ ایک بھی نشست جیتنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2021ء) سینیٹ انتخابات، بدھ کے روز ہوئی ووٹنگ کے دوران ن لیگ ایک بھی نشست جیتنے میں ناکام، مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخواہ، بلوچستان اور سندھ میں کوئی امیدوار ہی کھڑا نہیں کیا، قومی اسمبلی میں خواتین کی نشست پر نامزد امیدوار کو شکست ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو سینیٹ کی 37 نشستوں پر انتخاب کے لیے خفیہ رائے دہی کے ذریعے پولنگ ہوئی جس کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 18، پاکستان پیپلز پارٹی نے 8، بلوچستان عوامی پارٹی نے 6، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے 2، جمعیت علمائے اسلام ف نے 3، عوامی نیشنل پارٹی نے 2، بلوچستان نیشنل پارٹی نے مینگل 2 اور آزاد امیدواروں نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے جنرل نشست پر کامیابی حاصل کی جبکہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد نے خواتین کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کی امیدوار فرزانہ کوثر کو شکست دی۔ ریٹرننگ افسر نے اعلان کیا کہ قومی اسمبلی میں 341 میں سے 340 ووٹ ڈالے گئے، یوسف رضا گیلانی نے 169 جبکہ عبدالحفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے، پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد نے 174 جبکہ فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لیے۔

بدھ کے روز 3 اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران مسلم لیگ ن ایک بھی نشست جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ مسلم لیگ نے نے سندھ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں اپنا کوئی امیدوار ہی کھڑا نہیں کیا، جبکہ قومی اسمبلی میں صرف خواتین کی نشست پر اپنی خاتون امیدوار کو میدان میں اتارا۔ اس نشست پر ن لیگ کو تحریک انصاف کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

مسلم لیگ ن حالیہ سینیٹ الیکشن کے دوران صرف پنجاب سے 5 نشستیں حاصل کر سکی۔ یہ نشستیں بھی کچھ روز قبل بلامقابلہ انتخاب کے نتیجے میں ن لیگ کے حصے میں آئیں۔ پنجاب میں بلامقابلہ انتخاب کی وجہ سے پنجاب اسمبلی میں بدھ کے روز پولنگ نہ ہوئی۔ بدھ کے روز ہوئی پولنگ کے دوران سندھ کی 11 میں سے 7 نشستوں پر پیپلز پارٹی، 2 پر تحریک انصاف اور 2 پر ہی ایم کیو ایم نے کامیابی حاصل کی۔ خیبرپختونخواہ کی 12 نشستوں میں سے 10 پر تحریک انصاف اور 1،1 پر جے یو آئی ف اور اے این پی نے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ بلوچستان کی 12 نشستوں پر ہوئی پولنگ کے نتیجے میں 8 نشستوں پر بی اے پی نے جبکہ 4 نشستوں پر پی ڈی ایم کے امیدواروں نے فتح حاصل کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات