اعتماد کا ووٹ دینے کے بعد اتحادیوں کے وزیر اعظم سے گلے شکوے ، مطالبات دہرادیے

جمہوری معاشرے میں افراد کو لاپتہ کرنے والے لوگ نہیں ہوتے ، وزیر اعظم کو اس طرح ووٹ لینے کی ضرورت نہیں تھی ، اگر ایک میکنیزم بنایا جاتا تو شاید یہ نوبت نہ آتی ، عوامی مسائل کیلئے پارلیمنٹ استعمال ہو، ذاتی مفاد کیلئے نہیں ، حکومت کے اتحادی رہنماؤں کا پارلیمنٹ میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 6 مارچ 2021 13:43

اعتماد کا ووٹ دینے کے بعد اتحادیوں کے وزیر اعظم سے گلے شکوے ، مطالبات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 مارچ2021ء) قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دینے کے بعد حکومتی اتحادیوں نے وزیر اعظم عمران خان سے گلے شکوے کرتے ہوئے اپنے مطالبات دہرادیے۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحاد میں شامل گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رہنما ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو اس طرح ووٹ لینے کی ضرورت نہیں تھی ، اگر ایک میکنیزم بنایا جاتا تو شاید یہ نوبت نہ آتی ، عوامی مسائل کیلئے پارلیمنٹ استعمال ہو، ذاتی مفاد کیلئے نہیں ، میر ی درخواست ہے کہ ایوان کو آئین کے تحت چلایا جائے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ آج اپوزیشن میں دو بہت بڑی سیاسی جماعتیں بیٹھی ہیں ، ہم نے دیکھا سندھ اسمبلی میں کیسے ووٹ پڑے ، کوئی بات نہیں ہورہی ، اس ایوان سے میرا سوال ہےکہ کیا ہم اسی طرح چلتے رہیں گے ، اگر ایسے ہی چلنا ہے کیوں چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کروائے ، آئین ایک بہت بڑی ذمے داری الیکشن کمیشن پر ڈالتا ہے ، وزیراعظم کو مبارکباد دیتی ہوں ، آپ نے پہلے سے زیادہ ووٹ لئے ، ساری اتحادی جماعتیں وزیراعظم کے ساتھ ہیں ، ہم جمہوریت کے تسلسل کے لیے آپ کے ساتھ ہیں ، ہم اپنے مطالبات بند کمروں میں آپ کے سامنے رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمیں وزیراعظم عمران خان پر اعتماد ہیں، وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے پر مبارکباد دیتا ہوں ، جمہوری معاشرے میں افراد کو لاپتہ کرنے والے لوگ نہیں ہوتے، کراچی پاکستان کا بڑا شہر ہونے کے باوجود رہنے کے قابل نہیں رہا ، وطن ہم نےحاصل کرلیا لیکن 70 سال میں پاکستان بنانےکامقصدحاصل نہیں کیا ، آپ قوم کواعتماددیں کہ تبدیلی آپ کا نعرہ نہیں ارادہ ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق آج وزیراعظم عمران خان کے لیے اعتماد کے ووٹ کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس سجا۔قومی اسمبلی کے اجلاس کا آغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا ، بعدازاں نعت رسول مقبول پیش کی گئی اور قومی ترانہ بجایا گیا جس پر تمام اراکین اسمبلی اور قومی اسمبلی میں موجود افراد احترام میں کھڑے ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان وقت پر قومی اسمبلی پہنچے۔اراکین اسمبلی نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔مہمان گیلری میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے علاوہ تینوں وزراء اعلیٰ موجود تھے۔گورنر سندھ اور گورنر پنجاب بھی گیلری میں موجود تھے۔ پی ٹی آئی اور اتحادیوں کے 179 اراکین قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔پی ڈی ایم کے رہنما محسن داوڑ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔مراد سعید اور فواد چوہدری نے محسن داوڑ کا خیر مقدم کیا جب کہ جماعت اسلامی کے رہنما عبدالاکبر چترالی بھی اجلاس میں شریک ہوئے،اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کررکھا ہے،پی ڈی ایم کا کوئی رکن ایوان میں موجود نہیں تھا۔