پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں اختلافات مزید شدت اختیارکر گئے

پیپلز پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے شاہد خاقان عباسی کا جاری کردہ شوکاز پھاڑ کر پھینک دیا ہم سیاست عزت کے لئے کرتے ہیں، عزت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے، بلاول بھٹوزرداری

اتوار 11 اپریل 2021 20:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2021ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں اختلافات مزید شدت اختیارکر گئے ہیں اور پیپلز پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹیوکمیٹی(سی ای سی)اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کے جنرل سیکرٹری شاہد خاقان عباسی کی جانب سے جاری کیے گئے اظہاروجوہ کے نوٹس کو پہلے شرکاء کوپڑھ کرسنایا اورپھراسے تمام شرکاء کے سامنے پھاڑ کر پھینک دیا،جس پر اجلاس کے شرکا کی جانب سے تالیاں بجائی گئیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم سیاست عزت کے لئے کرتے ہیں، عزت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔اتوارکوپاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی زیرصدارت بلاول ہائوس کراچی میں ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل میں اپوزیشن کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ملکی معیشت، آئی ایم ایف سے ڈیل اور اسٹیٹ بینک آرڈیننس پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ پی ڈی ایم کی جانب سے استعفوں کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔پی پی پی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ہائبرڈ اجلاس پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں،پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری بذریعہ وڈیو لنک سی ای سی اجلاس میں شریک ہوئے،سی ای سی اجلاس میں پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے ملکی معیشت پر اثرات اور اسٹیٹ بینک آرڈیننس پر بھی بات چیت کی گئی اورسی ای سی نے اسٹیٹ بینک آرڈیننس کومسترد کردیا ہے۔

پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کشمیر پر پی ٹی آئی کی کنفیوژڈ پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا اورسندھ کے وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے سی ای سی کے شرکا کو 12 اپریل کو ہونے والی مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی اجلاس میں پی ڈی ایم کی جانب سے استعفوں کی تجویز کے معاملے پر بھی گفتگوکی گئی ۔اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، فرحت اللہ بابر اور نیر بخاری، اعتزاز احسن، سید قائم علی شاہ، نواب یوسف تالپور، سید مراد علی شاہ،مخدوم احمد محمود، قمرزمان کائرہ، ہمایون خان، علی مدد جتک، چوہدری لطیف اکبر اور امجد ایڈووکیٹ، شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی، ہری رام کشوری لعل، اسلام الدین شیخ اور جام مہتاب ڈہر،عبدالطیف انصاری، رحمان ملک، علی مدد جتک، عامر فدا پراچہ اور چوہدری منظور،منظور وسان، مولابخش چانڈیو، رضا ربانی، اعجاز جاکھرانی اور میرباز کھیتران، صادق عمرانی، محمد موسی، نفیسہ شاہ ،ناصر شاہ، رحیم داد خان، رخسانہ زبیری، سعید غنی، لطیف کھوسہ، نوید قمر، تاج حیدر، وقار مہدی ،انور سیف اللہ خان، اعظم خان افریدی ،چوہدری محمدیسین، ڈاکٹر اکبر خواجہ، فوزیہ حبیب، رخسانہ بنگش، سلیم مانڈوی والا اور اخوندزادہ چٹان دیگرنے اجلاس میں شرکت کی بعض اراکین ویڈیو لنک سے سی ای سی اجلاس میں موجود تھے۔