یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو دیا گیا جی ایس پی پلس کا درجہ داؤ پر لگ جانے کا انکشاف

منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کرکے وزیراعظم عمران خان نے ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 12 مئی 2021 22:25

یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو دیا گیا جی ایس پی پلس کا درجہ داؤ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تاز ہ ترین، 12 مئی 2021) ’منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کرکے وزیراعظم عمران خان نے ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا‘، یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو دیا گیا جی ایس پی پلس کا درجہ داؤ پر لگ جانے کا انکشاف ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت نے ملک کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ دلوایا ، اسے وزیراعظم عمران خان نے داؤ پر لگادیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کیا، جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا منفی تاثر ابھرا اور اب پاکستان بلیک لسٹ ہوونے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلسل نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتی رہی مگر حکومت نے ایسا نہ کیا اور معیشت پر بھی اس کے منفی اثرات پڑے، سیاسی انتقام کے لئے منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کرکے عمران خان نے ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچادیا، شرمندگی کا مقام ہے کہ کمبوڈیا، گھانا اور زمبابوے جیسے پسماندہ ممالک کے ہمراہ پاکستان بھی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نہ نکل سکا، پاکستان پیپلزپارٹی نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے جو مؤثر حکمت عملی بنائی تھی، اگر عمران خان اس پر ہی عمل کرلیتے تو ملک کا فائدہ ہوجاتا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ فون پر ہیلو ہیلو کرنے کے ڈرامے سے ملک کے گلی کوچوں میں مہنگائی کے سونامی کی تباہی ختم نہیں ہوسکتی۔اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ ہونے والا ایک ایسا فراڈ ہے، جس نے ملک کے روشن مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگادئیے، مافیا کے سرپرست عمران خان کے احتساب کے جھوٹے نعرے کا پول کھل چکا، عوام اب اس جھانسے میں نہیں آئیں گے، غیرملکی سرمایہ دار کیسے بھروسہ کریں گے کہ عمران خان خود پاکستان کو خدانخواستہ کرپشن کا گڑھ ثابت کرتے رہے ہیں، یومیہ 12 ارب روپے کی کرپشن کا الزام لگا کر اقتدار میں آنے والوں نے اپنی حکومت کے 997 دنوں میں مبینہ یومیہ کرپشن کا کتنا پیسہ قومی خزانے میں جمع کرایا چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج اگر عوام مہنگائی کی وجہ سے بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہورہے ہیں تو اس کے ذمہ دار صرف عمران خان ہیں، یہ تبدیلی نہیں یہ تباہی ہے، فون پر ہیلو ہیلو کرنے کے ڈرامے سے ملک کے گلی کوچوں میں مہنگائی کے سونامی کی تباہی ختم نہیں ہوسکتی۔