کشمیریوں سے 5اگست سے عشرہ مزاحمت منانے کی اپیل

منگل 3 اگست 2021 13:38

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کنٹرول لائن کے دونوں اطراف ، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوںسی5 اگست بروز جمعرات سے 15اگست تک کے 10دنعشرہ مزاحمت کے طورپر منانے کی اپیل کی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ عشرہ مزاحمت کیلئے مرتب کئے گئے پروگراموں کے تحت5 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گااورلال چوک کی طرف مارچ کیاجائے گا۔

اس روز رات آٹھ بجے سے ساڑھے آٹھ بجے تک بلیک آئوٹ کیاجائے گا اور ہر جگہ سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے ۔ بیان کے مطابق ان دس دنوںمیںروزانہ شام کو خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

11اگست کو سینئر حریت رہنماء شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا کی برسیوں کے موقع پر خصوصی دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا جائے گا۔ شیخ عبدالعزیز کو بھارتی فوجیوںنے 11اگست2008کو اس وقت گولیاں مار کر شہید کردیاتھا جب وہ جموں کے انتہا پسند ہندوئوںکی طرف سے وادی کشمیر کی اقتصادی ناکہ بندی کے خلاف آزاد کشمیر کی طرف ایک بڑے مارچ کی قیادت کر رہے تھے ۔

کشمیری شہید عظیمت شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا کوزبردست خراج عقیدت پیش کریں گے۔حریت کانفرنس کے شیڈول کے مطابق 14اگست کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پرامت مسلمہ خصوصا کشمیریوںکے منصفانہ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہدکی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان اور اسکی عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیہ مجالس کا اہتمام کیاجائے گا۔

15اگست کو مقبوضہ علاقے میںبھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طورپرمنایا جائے گا اور مکمل ہڑتال اور سول کرفیو نافذ کیاجائے گا۔ ہر جگہ سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے اور مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے بڑے پیمانے پرجاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے علاوہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے قتل عام، دوران حراست گمشدگیوں، جبری نظربندیوں ،خواتین کی بے حرمتیوںاوراملاک خصوصا گھروں کو تباہ کئے جانے کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی ۔