شہبازشریف اور پیر پگاڑا میں ملاقات، پیرپگاڑا نے دورہ لاہور کی دعوت قبول کرلی

وفاقی حکومت میں بطور اتحادی وقت ہورا کررہے ہیں، مریم نواز انتخابی مہم میں ہوتیں تو ن لیگ کراچی کا ضمنی الیکشن جیت جاتی۔ پیرا پگاڑا کی شہبازشریف سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 اگست 2021 18:45

شہبازشریف اور  پیر پگاڑا میں ملاقات، پیرپگاڑا نے دورہ لاہور کی دعوت ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 اگست2021ء) مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف اور سربراہ فنکشنل لیگ پیرصبغت اللہ شاہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی صورتحال اور آئندہ الیکشن کے بارے تبادلہ خیال کیا گیا، پیر پگاڑا نے کہا کہ وفاقی حکومت میں بطور اتحادی وقت ہورا کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کنگری ہاؤس کراچی میں فنکشنل لیگ کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیرصبغت اللہ شاہ سے ملاقات کی، ملاقات میں والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا، سیاسی صورتحال اور آئندہ الیکشن سے متعلق بات چیت بھی کی گئی۔

ملاقات میں شہبازشریف نے پیرپگارا کو لاہور آنے کی دعوت دی، جس کو پیرا پگارا نے قبول کرلیا ہے۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے پیر پگاڑا نے کہا کہ وفاقی حکومت میں بطور اتحادی وقت ہورا کررہے ہیں، این اے249بلدیہ ٹاؤن کی نشست ن لیگ اپنی غلطی سے ہاری، اگرمریم نواز انتخابی مہم میں ہوتیں تو ن لیگ کراچی کا ضمنی الیکشن جیت جاتی۔

(جاری ہے)

نوازشریف کو خود سیاست میں عملی طور پر متحرک ہونا چاہیے۔

جس پر شہباز شریف نے کہا کہ بہت جلد اچھا وقت آئے گا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پیرپگاڑا نے لاہور آنے کی مسلم لیگ ن کی دعوت قبول کرلی ہے، میرا اور میاں نواز شریف کا ان سے بڑا اچھا تعلق ہے۔ اسی طرح کراچی میں شہباز شریف جی ایم سید کے بڑے صاحبزادے امیر حسین شاہ کی وفات پر تعزیت کے لئے جلال محمود شاہ کی رہائشگاہ گئے، جہاں پر شہباز شریف نے جلال محمود شاہ  سے ان کے تایا امیر حیدر شاہ کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔

شہبازشریف نے سابق گورنر سندھ ممتاز بھٹو کی رہائشگاہ جاکر ممتاز بھٹو مرحوم کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ شہبازشریف نے کہا کہ ممتاز بھٹو نے قومی اور سندھ کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا، وہ ایک ایسی شخصیت تھے جو پاکستان کی تاریخ کے اہم واقعات میں شریک رہے۔ شہباز شریف نے سابق صدر ممنون حسین کی رہائشگاہ میں صاحبزادوں ارسلان اور سلمان سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے ممنون حسین کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔