شہباز شریف کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے

کماؤ شہر کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ہورہا ہے ، شہر کے مسائل اور شہریوں کی مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ، دعا ہے کہ میرے مرنے سے پہلے کراچی بدل جائے۔ این اے 249 کراچی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 29 اگست 2021 13:00

شہباز شریف کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے
کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 اگست 2021ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق صدر ن لیگ شہباز شریف نے این اے 249 کراچی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کیا ، اس دوران اپوزیشن لیڈر شہر قائد کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے ، انہوں نے کہا کہ کماؤ شہر کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ہورہا ہے ، شہر کے مسائل اور شہریوں کو درپیش مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ، دعاہے کہ میرے مرنے سے پہلے کراچی بدل جائے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ قائد کا شہر،معاشی اور سفارتی مرکز بھی رہا ہے ، کیا کمال کاشہر ہے جس نے ہر کسی کو اپنی گود میں سمایا ہوا ہے ، کراچی کی خوشحالی کے بغیر پاکستان خوشحال نہیں ہوگا ، آئندہ الیکشن میں موقع ملا تو کراچی کی قسمت بدل دیں گے۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے ن لیگی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کی جس میں مفتاح اسماعیل شریک نہ ہوئے ، میڈیا رپورٹ میں ذرائع مسلم لیگ ن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مفتاح اسماعیل کراچی میں موجود نہیں ہیں ، وہ شہر سے باہر گئے ہوئے ہیں ۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ مفتاح اسماعیل جو کہ مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکرٹری ہیں ، انہوں نے پارٹی قیادت سے ناراض ہو کر خود پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ مفتاح اسماعیل نے کارساز ہاؤس میں ہنگامہ آرائی کے خلاف ایکشن نہ لینے اور کوئی کارروائی نہ کرنے پر پارٹی عہدہ چھوڑا ، اعلیٰ قیادت کو اپنا استعفیٰ بھجوا کر مفتاح اسماعیل نے پیغام دیا کہ بدمعاش ٹولے کے ہوتے ہوئے کراچی میں کام کرنا بہت مشکل ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن)سندھ کے جنرل سیکرٹری اورسابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پارٹی عہدے سے مستعفی ہوئے تو استعفوں کی لائن لگ گئی ، مفتاح اسماعیل سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ن لیگ کے 9 عہدیدار مستعفی ہو گئے ، چار مزید استعفے آنے کے بعد اب تک مستعفی ہونے والوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے ، مفتاح اسماعیل سے اظہارِ یکجہتی کے لیے وائس چئیرمین عبدالطیف نیازی عہدے سے مستعفی ہو گئے ، جنرل سیکرٹری ضلع غربی سردار محمد نذیر نے بھی استعفیٰ دےد یا ، صدر ڈسٹرکٹ کیماڑی ظہر جہانگیر مستعفی ہو گئے جب کہ ایڈیشنل سیکرٹری کیماڑی راجہ عمران بھی مستعفی ہو گئے ، اس سے قبل ن لیگ کے پانچ رہنما مستعفی ہو چکے تھے۔