اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کواس لیے وجود بخشا ہے کہ طاغوت کے مقابلہ میں ہم اللہ کی بندگی کا اعلان کریں ،مولانا عبدالحق ہاشمی

سید ابو الاعلی مودودی ؒ نے جماعت اسلامی کو قائم کرکے اس امت کو بھولا ہوا سبق یاددلایا ،امیرجماعت اسلامی بلوچستان

بدھ 8 ستمبر 2021 00:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2021ء) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کواس لیے وجود بخشا ہے کہ طاغوت کے مقابلہ میں ہم اللہ کی بندگی کا اعلان کریں اور اس کے نظام کے لیے جدوجہد کریں ۔ سید ابو الاعلی مودودی ؒ نے جماعت اسلامی کو قائم کرکے اس امت کو بھولا ہوا سبق یاددلایا ہے۔

جماعت اسلامی اللہ کے غلبے کی تحریک ہے بدعنوانی ،بے دین ختم کرنے اور اسلامی نظام کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہیگی ۔جمہوریت کودباکرآمریت کوغالب کرنے والے ملک قوم کے خیر خواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی خود کو بھٹو کا جیالا کہتا ہے ،کوئی کسی کا متوالا کہتا ہے اور کوئی کسی کا کھلاڑی کہلاتا ہے لیکن جماعت کے لوگوں کو اللہ اور ا س کے رسول ؐ کی امت کا ہراول دستہ ہونے پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

ہم جماعت اسلامی کے ساتھ وابستگی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اس عزم و یقین کا اعادہ بھی کرتے ہیں کہ ہم یہ سفر زندگی کے آخری سانس تک جاری رہے گا۔ افغانستان میں وہ امریکہ اور نیٹو جو کہتے تھے کہ کسی سے بات نہیں کریںگے، طالبان کو دہشت گرد کہتے تھے، آج وہاں سے اپنا بوریا بستر لپیٹ جا چکے ہیں۔ ان شاء اللہ کشمیر اور فلسطین میں بھی ظلم کا سورج غروب ہونے کو ہے۔

گزشتہ ایک صدی میں سیکولر ازم، سوشلزم ، کیمونزم کے مقابلہ میں سید ابو الاعلیٰ مودودی کی اس تحریک نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ ہماری تحریک سے وابستہ بزرگوں نے شہادتوں کے جام پی لیے مگراپنے نظریے سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ کیونکہ وہ جانتے تھے کہ یہ حق سچ کی راہ ہے اور اسی میں ہی فلاح ممکن ہے۔ ان شاء اللہ وہ دور جلد آئے گا جب اللہ کی زمین پر اللہ کا ہی نظام ہوگا۔ ہمیں ثابت قدم رہنا ہے۔ عوام کی خدمت کے لیے ووٹ مانگنا بھی عبادت ہے اور ان کی قوت کو اکٹھا کرنا ہے ۔