Live Updates

حکومت معیشت کا نائن الیون کرچکی ، اب مہنگائی سے قوم کا تورا بورا بنا رہی ہے ‘ شہباز شریف

گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کی اطلاعات ہیں،حکومت فیصلہ واپس لے ‘ صدر مسلم لیگ (ن)

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:19

حکومت معیشت کا نائن الیون کرچکی ، اب مہنگائی سے قوم کا تورا بورا بنا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف نے گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کی اطلاعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ،پہلے ہی کہہ چکے ہیں حکومت نے آئی ایم ایف کا بجٹ پیش کیا، حکومت اس کی شرائط پوری کر رہی ہے اورقوم سے ٹیکس فری بجٹ کا جھوٹ بولا گیا تھا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے جو کچھ کہا تھا آج سچ ثابت ہو رہا ہے ،پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ بجٹ کے بعد مہنگائی اور ٹیکسوں کا نیا سیلاب آئے گا، حکومت نے ہماری بات سچ ثابت کی ،گیس کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز اور حکومت کی ایک اورسنگین حماقت ہے ،عوام میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی ہمت اور سکت نہیں، ظلم در ظلم بند کیاجائے ،عمران نیازی اپنی پے درپے حماقتوں سے ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پہلے ہی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ہوچکا ہے ،قیمتوں میں مزید اضافے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، مسئلہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن ہے ،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسئلے کا حل ہوتا تو بجلی کے بعد گیس کا گردشی قرض قوم کے گلے نہ پڑتا ،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی مزید جہنم بن جائے گی ،گیس کی قیمت بڑھنے سے روٹی کی قیمت بڑھے گی، عوام کے بل مزید بڑھ جائیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ پہلے بھی کہاتھا کہ حکومت معیشت کا نائن الیون کرچکی ہے، اب مہنگائی سے قوم کا تورا بورا بنا رہی ہے ،مہنگائی جس رفتار سے کی جارہی ہے ثبوت ہے کہ حکومت کو معیشت کی الف ب بھی معلوم نہیں ،قوم کو مہنگائی سے مارنے کا گناہ کرنے کے بجائے عمران نیازی گھر چلے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ آٹا چینی گھی دوائی بجلی گیس سمیت ہر چیز مہنگائی کی حدیں توڑ چکی ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، غریب کا جینا حرام ہوگیاہے اسی ہفتے پہلے بجلی میں 5 سے 35 فیصد اضافہ کیاگیا، اب گیس کی قیمت میں 35 فیصداضافے کی تجویز ہے ،یہ اس ملک کے غیور عوام کے ساتھ ظلم ، زیادتی اور سنگین مذاق ہے ،عمران نیازی کی نااہلی کا خمیازہ ملک کے عوام کب تک بھگتیں گی ۔

انہوںنے کہاکہ حکومت141 فیصد گیس کی قیمت پہلے ہی بڑھا چکی ہے ،حکومت کا دعوی تھا کہ قیمت بڑھانے سے گیس کمپنیوں کا خسارہ کم ہوگا ،حقیقت یہ ہے کہ قیمت بڑھانے کے باوجود گیس کمپنیاں جتنا خسارہ آج کررہی ہیں تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا ،دو سال ہوچکے ہیں لیکن گیس کمپنیاں اپنا آڈٹ کراسکیں اور نہ ہی اپنے اکائونٹس عوام کے سامنے پیش کرسکی ہیں ،عمران نیازی کی نااہلی سے گیس کمپنیاں تباہ ہوگئیں اور قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے ،آج دنیا کی سب سے مہنگی ایل این جی پاکستان خرید رہا ہے، جنوبی ایشیاء میں بجلی اور گیس بھی سب سے مہنگی پاکستان میں ہے ،آج دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے اور سب سے کم آمدن بھی پاکستان میں ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات