Live Updates

بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں چاراور کشمیری نوجوان شہید

بھارتی فوجیوںکے مظالم کے خلاف پلوامہ میں زبردست احتجاج

منگل 28 ستمبر 2021 17:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بارہمولہ میں چار اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاجس سے ضلع میںگزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر سات ہو گئی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوانوں کو فوجیوںنے ضلع کے علاقے اوڑی میںتلاشی اور محاصرے کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔

علاقے میںگزشتہ تقریبا دوہفتے سے جاری کارروائی کے دوران فوجیوںنے سات نوجوانوںکو شہید کردیاہے ۔ علاقے میں حملوں میں چار بھارتی فوجیوںکے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ادھر پلوامہ کے علاقے ترال میں گزشتہ شام گھروں پر چھاپوں کے دوران بھارتی فوجیوں کے گھنائونے جرائم کے خلاف علاقے میںزبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے ۔

(جاری ہے)

لوگوںنے پابندیوںکو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل کر ’’گو انڈیا گو بیک ‘‘کے نعرے لگائے ۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجیوںنے گھروںمیں زبردستی داخل ہو کر ایک شہید کشمیری کے اہلخانہ بشمول بیٹی کووحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور توڑپھوڑ کی۔ شہید کشمیری کی بیٹی کو زخمی حالت میں مقامی ہسپتال میں داخل کرایاگیا ہے۔ فوجیوںنے پلوامہ اور سرینگر کے علاقوںمیں چھاپوں کے دوران تین کشمیریوںکو گرفتار کرلیا۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے بھی مقبوضہ علاقے میں جاری گرفتاریوںاور ہراساں کئے جانے کے واقعات کے خلاف سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

غلام نبی لون کی قیادت میں پی ڈی پی کے کارکن سرینگر میں پارٹی ہیڈ کوارٹر ز کے باہر جمع ہوئے ۔ انہوںنے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’لوگوںکو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرو‘‘جیسے نعرے درج تھے ۔ مظاہرین لال چوک کی طرف مارچ کرناچاہتے تھے مگرپولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں غیر قانونی طور پر نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر غم وغصے کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر جیلوں میں نظربند کشمیری سیاسی قیدیوں کے لیے’ ’ سرنڈریا موت ‘‘ کی صورتحال پیدا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے جہاں مناسب خوراک اور طبی سہولیات کا فقدان ، غیر صحت بخش ماحول ، صوتی آلودگی اور غیر مناسب رہائش ان کی صحت کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہر سیاسی جماعت دفعہ 370 اور 35-Aکی بحالی کے لیے متحد اوریک زبان ہے۔

بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم وشوا ہندو پریشد کے ارکان نے ریاست مدھیہ پردیش میں گرجا گھروں کو مسمار کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ایک بشپ نے بھارتی صدر رام ناتھ کووند کے نام لکھے گئے خط میں ریاست میں مسیحیوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمانStephane Dujarricنے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ اقوام متحدہ ہمیشہ پرامید رہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت ہو سکتی ہے اوریہ بات چیت درپردہ بھی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے یہ بات وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس میں خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر اٹھانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جاری الفاظ کی جنگ کے حوالے سے کہی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات