Live Updates

وفاقی حکومت کا ربیع سیزن کیلئے کسانوں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ

ربیع سیزن کیلئے مارچ تک یوریا کھاد کا ریٹ 839 روپے برقرار رکھا جائے گا، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی روک کر یوریا کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 جنوری 2022 16:53

وفاقی حکومت کا ربیع سیزن کیلئے کسانوں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2022ء) وفاقی حکومت نے ربیع سیزن کیلئے کسانوں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، ربیع سیزن کیلئے مارچ تک یوریا کھاد کا ریٹ 839 روپے برقرار رکھا جائے گا، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی روک کر یوریا کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مردم شماری، کھاد کی قیمت، مختلف معاملات پر غور کیا گیا اور منظوری دی گئی۔ اعلامیہ اجلاس کے تحت نئی مردم وگھر شماری کیلئے 5 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔ داسوہائیڈرو کے چینی متاثرین کیلئے ایک کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔ ایف بی آر کیلئے 4 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایف سی بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 6 کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ربیع سیزن کیلئے یوریا کھاد کا مارچ تک 839 روپے ریٹ برقرار رکھا جائے گا۔ اسی طرح افغانستان سے چلغوزے کی درآمد پر 45 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ تین برس میں 5.37 فیصد کی جی ڈی پی گروتھ، جس کے باعث روزگار اور اس کے ساتھ فی کس آمدن میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔

اس پر میں اپنی حکومت کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے حوالے سے ہماری کامیابی کو عالمی پذیرائی میسر ہے۔ بلوم برگ خبر دے رہا ہےکہ پاکستان ترقی کی تیز رفتار اور اس کے ساتھ روزگار کی بلند سطح برقرار رکھے گا۔اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر عوام سے براہ راست رابطے کا فیصلہ کرلیا ہے، معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا  کہ وزیر اعظم عمران خان 23 جنوری بروز اتوار تقریباً دن کے 3 بجے ’آپ کا وزیراعظم‘ پروگرام میں عوام کی براہ راست فون کالز موصول کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات