سندھ پولیس اور ایجنسیاں عفت ماب خواتین کی گرفتاریوں ،چادر اور چاردیواری کی عزت پامال کرکے مارشل لا کی یاد تازہ کردی ہے۔جماعت اسلامی

قانون کے رکھوالے اور عوام کی جان، مال عزت کی حفاظت کرنے والے نامعلوم جرائم کی پاداش میں ایسے گھناؤنے حرکتوں سے نفرتوں کی آگ کو بھڑکارہے ہیں ، کاشف سعید شیخ

منگل 22 فروری 2022 21:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2022ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے رتودیرو سے قوم پرست جماعت کے سابق قائد بشیر خان قریشی مرحوم کے اہل خانہ (بھانجی )حرا قریشی کو چارسالہ معصوم بچی سمیت گرفتاری اور چادرچاردیواری کا تقدس پامال کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے معصوموں کے قاتلوں کو گرفتار کرنے،کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں اسٹریٹ کرائم پر قابوپانے کی بجائے خواتین اور بچوں کو گھروں سے اغوا کرکے مارشل لا کی یاد تازہ کردی ہے، سندھ کے حکمران طاقت کے نشے میں بدمست ہاتھی بن چکے ہیں جن سے چھٹکارہ پانا اب وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ قانون کے رکھوالے اور عوام کی جان، مال عزت کی حفاظت کرنے والے نامعلوم جرائم کی پاداش میں ایسے گھناؤنے حرکتوں سے نفرتوں کی آگ کو بھڑکارہے ہیں ، دعامنگی کیس کا مفرور ملزم زوہیب قریشی کی کھوج لگانا پولیس اور ایجنسیوں کا فرض ہے لیکن اس واقعے کی آڑ میں ایک قومپرست جماعت کے گھروں پر چھاپے،عفت ماب خواتین کو بغیر لیڈی پولیس کے اٹھاکر لے جانا کہاں کا انصاف ہے، جبکہ اس پارٹی کی قیادت برملا پریس کانفرنس کرکے ذوہیب قریشی سے لاتعلقی اور اپنے اوپر عائد الزامات کو مسترد کرچکی ہے جس کے باوجود کبھی کراچی تو کبھی لاڑکانہ میں ان کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور خواتین سمیت معصوم بچوں کو گرفتار کرکے سندھ پولیس کس کی خدمت کررہی ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ہر مظلوم کے ساتھ اور ظالم کیخلاف ہے کسی نے اگر کوئی جرم کیا ہے تو اسے قانون کے کٹھڑے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن بلاجواز معصوم خواتین کو ہراساں کرنا،چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی، سندھ حکومت ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں معاملات کو بگاڑنے کی بجائے تحمل، بردباری سے کنٹرول میں کریں، بلوچستان میں ایسے واقعات کی وجہ سے حالات بدتر شکل اختیار کرچکے ہیں سندھ کے لوگ خواتین کی عزت پر مر مٹنے کیلئے تیار ہوتے ہیں اسلئے معاملات کو مزید بگاڑنے کی بجائے ہوش کے ناخن لیں اور فی الفور اغوا کی گئی حرا قریشی اور دیگر اہل خانہ کو رہا کیا جائے ، جماعت اسلامی اس مسئلے پر متاثرہ خاندان کے ساتھ ہر فورم پر انصاف کیلئے ساتھ کھڑی ہے۔