متحدہ علماء محاذ کا پیغام پاکستان استقبال رمضان امن و اتحاد سیمینار

علماء نے فلسطین ،کشمیر کے مظلوم مسلمانوں اور افواج پاکستان و شہداء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا

جمعہ 1 اپریل 2022 16:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2022ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدا مین انصاری کی میزبانی ،علامہ مرزایوسف حسین کی زیر صدارت ،علامہ عبدالخالق فریدی کی زیرنگرانی مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ ’’پیغام پاکستان استقبال رمضان امن و اتحاد سیمینار ‘‘سے مہمانان خصوصی سردار بابر عباسی،جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر مولانا اسداللہ بھٹو، سرپرست مولانا انتظارالحق تھانوی،علامہ پیر احمد عمران نقشبندی، شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ ترکی،علامہ علی کرارنقوی، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،تاجر رہنما مولانا جنید باڑی،علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی،علامہ مرتضیٰ خان رحمانی،علامہ مفتی روشن دین الرشیدی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ احترام رمضان آرڈیننس پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجائے،اشیائے خورد نوش کی قیمتوں میں20فیصد کمی کی جائے۔

(جاری ہے)

کراچی سمیت ملک بھرمیں سستے رمضان بازار لگائے جائیں اور یوٹیلٹی اسٹورز میں قیمتیں کم کرکے معیار ی و ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔مقررین نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے پیغام پاکستان کے متفقہ بیانیہ پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجائے۔پیغام پاکستان ملکی امن و سلامتی ،وحدت امت کی بقاء کی ضمانت ہے۔ ساڑھے تین ہزار سے زائد مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ کے متفقہ ،مشترکہ پیغام پاکستان کے بیانیہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور تکفیریت کے بڑھتے ہوئے رجحان کا فوری سدباب کیاجائے۔

اسلام و ملک دشمن امریکہ، اسرائیل،بھارت واستعماری قوتیں پاکستان کو کمزور و منتشر اور اپنا محکوم بنانے کیلئے پاکستان میں فرقہ واریت ،لسانی عصبیت کی آگ بڑھکا کرملکی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتاہے۔ علماء مشائخ دشمنوں کی ہرسازش کو اپنے اتحاد سے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور قبلہ اول بیت المقدس عالم اسلام کی شہہ رگ ہے جس کی آزادی ، خودمختاری ،بحالی و خوشحالی کیلئے پوری مسلم اُمہ کواپنا مشترکہ کردار اداکرنا ہوگا۔

فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے امام انقلاب سورھیہ بادشاہ پیرپگارا شہید کے حریت پسندانہ جذبہ جہادکی فکر کو اجاگر کرنا ہوگا۔ علماء مشائخ پاکستان پر کسی صورت امریکی ،یہودی،عیسائی و مغربی تسلط کو برداشت نہیں کریں گے۔ مقاصد پاکستان اور دینی اقدار کے حصول و تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے۔ علماء نے فلسطین ،کشمیر کے مظلوم مسلمانوں اور افواج پاکستان و شہداء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

سیمینار سے ممتاز صحافی رہنما نیشنل پریس کلب کراچی کے صدر افضل وارثی،مولانا مفتی اسد الحق چترالی، اسلام آباد سے آئے ہوئے جمعیت علمائے اسلام س کے سیکریٹری اطلاعات مفتی پیر سید محمود شاہ ترمذی، خواجہ افتخار احمد نعمانی،پیپلزپارٹی کے پرویز زرداری،ممتاز قانون دان وصی امام زیدی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ،مولانا مفتی مصدق الامین، حافظ مشہود الحق کلیانوی،مولانا حافظ عبدالمجید ،مولانا فہیم الدین انصاری،مولانا حافظ گل نواز نے خطاب کیاجبکہ مولانا عفان ترک،سماجی رہنما مظاہر حسین ہاشمی، حافظ سید عاصم بخاری،عمیر شفیق،عمر کشمیری، حافظ ساجد اور میڈیا کوآرڈینیٹر فاروق احمد ریحان نے بھی شرکت کی۔