دعا منگی کیس میں بڑی پیش رفت

پولیس نے دعا منگی کیس میں فرار مرکزی ملزم زوہیب کو گرفتار کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 7 جون 2022 12:46

دعا منگی کیس میں بڑی پیش رفت
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جون 2022ء ) پولیس نے دعا منگی کیس میں فرار مرکزی ملزم زوہیب کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق کشمور میں مقابلے کے بعد دعا منگی کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کے مطابق دعامنگی کیس میں نامزد ملزم زوہیب قریشی طارق روڈ میں مال سے فرار ہو تھا،ملزم بلوچستان سے گاڑی چوری کرکے فرار ہوا تھا۔پولیس ناکہ بندی کرکے مین ہائی وے پر کھڑی تھی کہ اس دوران پولیس کو دیکھ کر ملزم نے فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم گرفتار ہو گیا۔

ملزم کے خلاف گاڑی چوری کے 18 مقدمات درج ہیں اور ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا تھا۔پولیس نے مفرور ملزم زوہیب قریشی کی گرفتاری پر انعام رکھا تھا۔پولیس حکام کے مطابق مفرور ملزم کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے شہری کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے کہا کہ مفرور ملزم زوہیب قریشی اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔

قبل ازیں پولیس حراست سے فرار مرکزی ملزم ذوہیب علی قریشی کے بلوچستان کے راستے ملک سے فرار کی اطلاعات سامنے آئیں جس کے بعد اس سلسلے میں لاڑکانہ اور دیگر شہروں سے ملزم کے متعدد رابطہ کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔وفاقی خفیہ ادارے کے کراچی میں اہم عہدیدار نے نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا کہ ذوہیب قریشی پولیس حراست سے فرار سے پہلے ہی پاکستان سے بھاگنے کی منصوبہ بندی کرچکا تھا ، جو فرار کے فوری بعد پہلے کراچی سے بلوچستان فرار ہوا جہاں سے ملزم کے کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی مدد سے غیر قانونی طور پر پڑوسی ملک فرار ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔

واضح رہےکہ کراچی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت دعا منگی اغوا کیس فرار ملزم ذوہیب قریشی اور اس کے ساتھیوں محمد طارق عرف شکیل، مظفر علی، وسیم راجہ اور فیاض سولنگی پر فرد جرم عائد کرچکی ہے جب کہ مرکزی مفرور ملزم آغا منصور کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔