وزراء ہر 15 دن بعد اپنے حلقہ و ڈویژن میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں ، وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی وزراء کو ہدایت

جمعہ 5 اگست 2022 22:48

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2022ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وزراء کو ہدایت کی ہے کہ ہر 15 دن بعد اپنے حلقہ و ڈویژن میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں اور عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کیے جائیں، عوام کو ریلیف دینا ہماری ذمہ داری تاہم آئین و قانون کے منافی کوئی قدم نہیں اٹھایا جائیگا، ہم نے آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے، جن لوگوں کا انحصار جنگلات کی لکڑی پر ہے انہیں متبادل ذرائع ایندھن، جیسا کہ سلنڈرز اور مٹی کے چولہے فراہم کیے جائیں تاکہ جنگلات محفوظ ہوں، مشکلات کے دوران آزادکشمیر کابینہ اور پارلیمانی پارٹی نے جس طرح یکجان ہو کر مشکلات کا مقابلہ کیا اس پرانکا شکرگزار ہوں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے افواج پاکستان کے افسران و جوانوں اور مون سون بارشوں میں جاں بحق ہونے والوں کے بلندی درجات کے لیے مشیر برائے مذہبی امور حافظ حامد رضا نے فاتحہ خوانی کروائی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ جنگلات کی حفاظت کے لیے خصوصی پلان تشکیل دیا جائے، جنگلات کے کٹاؤ کی وجہ سے قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہورہا ہے،قدرتی ماحول کی حفاظت کے لیے ادارہ تحفظ ماحولیات کو مستحکم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ احتسا ب کے قانون کو بہتر بنائیں گے، کوئی بھی آئین و قانون سے بالا تر نہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے وزراء اپنے حلقوں و ڈویژنز میں کھلی کچہریاں لگائیں اور لوگوں کے مسائل سنیں، آزادکشمیر کے عوام نے بہت سے توقعات رکھ کر ہمیں ایوان اقتدار تک پہنچایا ہے، لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہونے چاہیں اور تبدیلی نظر آنی چاہیے۔

وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے اے کے ایم آئی ڈی سی ملازمین کو کابینہ کے فیصلے کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے، احتساب ایکٹ میں ترمیم بارے قائم کمیٹی کو حتمی سفارشات مرتب کرکے بریف کرنے اور احتساب بیورو کی پرفارمنس آئندہ اجلاس میں پیش کرنے اور محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے ملازمین کی پنشن کے حوالہ سے معاملہ آئین و قانون کے مطابق حل کرنے کی ہدایت کی۔