عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا کام مکمل، قومی اسمبلی کی نشستیں کم کر دی گئیں

قومی اسمبلی کی مجموعی جنرل نشستیں 272 سے کم ہو کر 266 ہو گئیں، پنجاب کی 141، سندھ کی 61، خیبرپختونخوا کی 45، بلوچستان کی 16 سیٹیں اور اسلام آباد کی 3 سیٹیں رکھی گئیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 5 اگست 2022 23:49

عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا کام مکمل، قومی اسمبلی کی نشستیں کم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست2022ء) عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا کام مکمل، قومی اسمبلی کی نشستیں کم کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے حلقہ بندیوں کا کام مکمل کر کے تفصیلات جاری کر دیں۔ الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق آئندہ الیکشن میں قومی اسمبلی کی 266 جنرل نشستیں بنائی گئی ہیں، چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 593 جنرل نشستیں بنائی گئیں ہیں، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 859 جنرل نشستوں کے حلقے بنائے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کی مجموعی جنرل نشستیں 272 سے کم ہو کر 266 ہو گئیں، پنجاب کی 141، سندھ کی 61، خیبرپختونخوا کی 45، بلوچستان کی 16 سیٹیں اور اسلام آباد کی 3 سیٹیں رکھی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 25 ویں آئینی ترامیم کے بعد قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پہلا قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 1 چترال کو برقرار رکھا گیا ہے، وفاقی دارالحکومت کے قومی اسمبلی کے حلقے کا آغاز این اے 46 سے ہو گا، 231 حلقوں کے نمبر تبدیل کر دئے گئے، پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقوں کا آغاز این اے 49 اٹک سے ہو گا، سندھ سے قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 190 جیکب آباد سے شروع ہو گا، بلوچستان سے قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 251 شیرانی سے شروع ہو گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ 11 سے 26 اپریل کےدوران تمام نقشہ جات ودیگردستاویزات فراہم کئےگئے، 20 سے 24 اپریل تک حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ کروائی گئی حلقہ بندی کمیٹیوں نےڈرافٹ حلقہ بندی 25 سے 30 مئی میں مکمل کی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 31 مئی کو کر دی گئی یکم سے 30جون تک حلقہ بندیوں پر عوام کے اعتراضات اور تجاویز وصول کیں الیکشن کمیشن کو 910 اعتراضات موصول ہوئے اور یکم سے 30جولائی تک سماعت کے بعد اعتراضات کو نمٹایا گیا۔