Live Updates

عمران خان، ایمل ولی این اے 24 چارسدہ ٹوکے ضمنی انتخاب پر نظریں جمائے ہوئے ہیں،دونوں میں ون ٹو ون مقابلے کا امکان ہے

جمعہ 19 اگست 2022 16:28

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2022ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کی نظریں سیاسی طور پرمضبوط قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 24 چارسدہ ٹوپر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ریٹرننگ افسر کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان اور اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان سمیت 9 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اب سب کی نظریں این اے 24 چارسدہ ٹو پر ہیں جہاں ون ٹو ون مقابلہ ہونے امکان ہے۔

ایمل ولی خان جو کہ اے این پی کے صدر اسفند یار ولی خان کے صاحبزادے ہیں اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار ہیں۔گزشتہ انتخابات کی تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ اے این پی نے ریکارڈ 6 بار اس حلقے سے کامیابی حاصل کی جبکہ جے یو آئی( ایف) 3 بار اور پی ٹی آئی صرف1بار جیت سکی۔

(جاری ہے)

1970-2018کے درمیان ہونے والے عام انتخابات کے دوران اس حلقے سے اے این پی کے صدر اسفند یار ولی خان نے تین بار، خان عبدالولی خان نے دو بار اور بیگم نسیم ولی خان نے1بار کامیابی حاصل کی۔

1990 کے انتخابات میں جے یو آئی( ف) کے مولانا حسن جان شہید نے کامیابی حاصل کی تھی اور مولانا گوہر شاہ نے 2مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی جبکہ گزشتہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے فضل محمد خان نے1بار کامیابی حاصل کی تھی۔1970 کے الیکشن میں اے این پی کے سربراہ عبدالولی خان34359ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کی اہلیہ بیگم نسیم ولی خان نے 1977کے الیکشن میں پاکستان نیشنل الائنس (پی این اے)کے ٹکٹ پر48653ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

عبدالولی خان نے 1998 کے الیکشن میں63185ووٹ لے کر دوبارہ سیٹ حاصل کی تھی تاہم، عبدالولی خان 1990 کے انتخابات میں جے یو آئی( ایف) کے مولانا حسن جان شہید سے ہار گئے ۔ اے این پی کے صدر اسفندیار ولی خان اس حلقے سے 1993کے انتخابات میں بالترتیب 56,164اور 1997کے انتخابات میں55,059ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔2002 کے عام انتخابات میں جے یو آئی( ف) کے امیدوار مولانا گوہر شاہ 55917وٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ اے این پی کے اسفند یار ولی 2008 کے انتخابات میں38835ووٹ لے کر دوبارہ منتخب ہوئے۔

2013کے انتخابات میں یہ نشست جے یو آئی ایف کے ٹکٹ پر مولانا گوہر شاہ نے 53,610ووٹوں کے ساتھ دوبارہ حاصل کی تھی اور پی ٹی آئی کے فضل محمد نے 2018کے انتخابات میں 83,596ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ۔چارسدہ میں پولنگ کا دن قریب آتے ہی انتخابی مہم تیز ہو جائے گی۔دوڑ میں شامل دیگر امیدواروں میں عزیز اللہ خان، فلک ناز، فواد احمد، فضل محمد خان، مجیب الرحمان، شکیل بشیر خان اور سپارلے نے ووٹروں کو قائل کرنے کے لیے کارنر میٹنگز سے خطاب کرنا شروع کر دیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات