مقبوضہ جموںوکشمیرکی جیل میں ایک اور قیدی کو شہیدکر دیا گیا، قیدیوں کی بھوک ہڑتال جاری

جمعہ 19 اگست 2022 17:11

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2022ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں ایک اور سیاسی قیدی کو شہید کردیا،قیدی ایم محمد کی موت بھارتی پولیس، بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے” این آئی اے “اور جیل حکام کی طرف سے جیل میں تفتیش کے دوران انہیں شدید ہراساں کرنے اور ڈرانے دھمکانے کے بعد ہوئی جسے این آئی اے نے رواں ماہ کے شروع میں گرفتار کیا تھا۔

بھارتی پولیس اور این آئی اے ان سے جموں کے سرحدی علاقوں سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد جمع کرنے اور لے جانے میں ملوث ہونے کے الزام میں پوچھ گچھ کر رہے تھے۔بھارتی پولیس انکے قتل کے اپنے جرم کو چھپاتے ہوئے دعویٰ کر رہی ہے کہ ان کی موت جیل میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

(جاری ہے)

ایم محمد کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

انہیں 10 اگست کو کوٹ بھلوال جیل بھیج دیا گیا تھا۔قبل ازیں بھارتی پولیس نے اسی جیل میں بند سیاسی قیدیوں محمد علی حسین کو ضلع جموں میں اور ضیا مصطفٰی کو ضلع پونچھ میں جعلی مقابلوں میں شہید کیا تھا۔ علی حسین کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف کوٹ بھلوال جیل کے قیدیوں نے جمعہ کو مسلسل دوسرے روز بھی بھوک ہڑتال جاری رکھی۔ وہ قیدی کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات کا نوٹس لے اور علاقے میں جنگی جرائم کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔