Live Updates

حلقہ این اے 31 پشاور ، حاجی علام احمد بلور اور عمران خان کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع

جمعہ 14 اکتوبر 2022 14:46

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2022ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 31پشاور کے ماضی کے نتائج کو دیکھ کر اس بار بھی اس حلقے پر پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار حاجی علام احمد بلور اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے ۔اس حلقے کی تاریخی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر اعلی آفتاب احمد خان شیر پائو یہاں سے الیکشن لڑچکے ہیں ،عمران خان اور آفتاب شیر پائو کو اس حلقے سے غلام بلور کیخلاف کامیابی ملی تھی جبکہ بے نظیر بھٹو کو غلام بلور نے شکست دیدی تھی، عمران خان دوسری مرتبہ اس حلقے سے انتخاب لڑرہے ہیں۔

حاجی غلام احمد بلور اس حلقے سے 1988سے 2018تک ہونے والے انتخابات میں 5مرتبہ ، تین مرتبہ عام انتخابات اور دو مرتبہ ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے ۔

(جاری ہے)

1988میں آفتاب احمد شیر پائو نے غلام بلور کو شکست دیدی تھی تاہم وزیراعلی کا عہدہ ملنے کے باعث انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست چھوڑ دی تھی اور ضمنی انتخاب میں غلام بلور کامیاب ہوگئے تھے، 1990 کے انتخابات میں اس حلقے پر بے نظیر بھٹو نے غلام احمد بلور کا مقابلہ کیا تھا اور غلام احمد بلور نے بے نظیر بھٹو کو شکست دیدی تھی، 1993 میں پیپلز پارٹی کے سید ظفر علی شاہ نے اے این پی کے غلام احمد بلور کو شکست دیدی ۔

1997 کے انتخابات میں غلام بلور نے پیپلز پارٹی کے قمر عباس کو شکست دیدی ۔2002 کے انتخابات میں مذہبی جماعتوں کا اتحاد سامنے آیا اور جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے شبیر احمد خان نے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے عثمان بشیر بلور کو شکست دیدی تھی، 2008 کے عام انتخابات میں پشاور کے اس حلقے سے عوامی نیشنل پارٹی کے غلام احمد بلور نے پیپلز پارٹی کے ایوب شاہ کو شکست دیدی۔

جبکہ 2013میں یہاں سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خود حصہ لیا، عمران خان نے غلام احمد بلور کو شکست دیدی تھی۔عمران خان نے یہ نشست خالی کردی جس کے بعد ضمنی انتخاب میں اے این پی کے غلام بلور نے پی ٹی آئی امیدوار گل بادشاہ کو شکست دی ۔2018 کے عام انتخابات میں اس حلقے کا نام تبدیل کردیا گیا اور اسے این سے ون سے این اے 31 بنا دیا گیا تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حصہ لینے والے شوکت علی نے 87 ہزار975ووٹ حاصل کرکے 42ہزار 526 ووٹ حاصل کرنیوالے اے این پی کے غلام احمد بلور کو شکست دی تھی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات