Live Updates

پی ٹی آئی لانگ مارچ،وفاقی وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کو مراسلہ لکھ دیا

عمران خان کے ساتھ عام شہریوں کی جان کو خطرہ ہے،کسی بنیاد پرست نوجوان کی جانب سے انتقامی کارروائی کو رد نہیں کیا جا سکتا،مراسلے کا متن

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 23 نومبر 2022 16:33

پی ٹی آئی لانگ مارچ،وفاقی وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کو مراسلہ لکھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 23 نومبر 2022ء ) پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے مراسلے میں کہا ہے کہ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ عام شہریوں کی جان کو خطرہ ہے۔عمران خان پر وزیر آباد میں پہلے بھی حملہ ہو چکا ہے اور اس واقعہ میں ایک شخص جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا۔

مراسلے کے متن کے مطابق کسی بنیاد پرست نوجوان کی جانب سے انتقامی کارروائی کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ وفاقی وزارت داخلہ نے لانگ مارچ سے متعلق رسک اسسمنٹ کی رپورٹ بھی چاروں صوبوں کو بھجوا دی ہے،وزارت داخلہ کے مطابق اس حوالے سے سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب 26 نومبر کو فیض آباد کے مقام پر تحریک انصاف انصاف کے متوقع دھرنے کے پیش نظر راولپنڈی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جگہ تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے۔

راولپنڈی انتظامیہ نے دھرنے کا مقام علامہ اقبال پارک تک لانے کی تجویز دی۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 26 نومبر کو انگلینڈ ٹیم گرین شرٹس سے کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچے گی،پی ٹی آئی دھرنے کی وجہ سے پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ راولپنڈی فیض آباد کے قریب انتہائی اہم تنصیبات بھی موجود ہیں۔ راولپنڈی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے قائدین کو تمام خدشات سے آگاہ کر دیا،تحریک انصاف راولپنڈی کے قائدین نے جگہ کی تبدیلی پرمشاورت کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔عمران خان براستہ ہیلی کاپٹر راولپنڈی پہنچیں گے،ہیلی کاپٹر سے اسٹیج تک سیکورٹی کے انتظامات پر بھی نظر ثانی جاری ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات