Live Updates

حکومت مخالف کال کی تاریخ قریب آنے پر عمران خان کے رابطے بھی تیز ہوگئے

رہنماؤں اور کارکنوں کو 25 نومبر تک پنڈی پہنچنے اور کم از کم 3 دن کا راشن ساتھ رکھنے کی ہدایت کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 23 نومبر 2022 18:45

حکومت مخالف کال کی تاریخ قریب آنے پر عمران خان کے رابطے بھی تیز ہوگئے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 نومبر 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مخالف کال کی تاریخ قریب آنے پر عمران خان کے رابطے بھی تیز ہوگئے۔ اے آر وائی نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مرکزی رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطوں میں تیزی کردی ہے اور لاہور سے راولپنڈی روانگی کے معاملات پر حتمی مشاورت کی جارہی ہے، مشاورت میں عمران خان کا بذریعہ ہیلی کاپٹر راولپنڈی پہنچنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو 25 نومبر تک راولپنڈی پہنچنے اور کم از کم 3 دن کا راشن اپنے ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ راولپنڈی میں قیام کی مدت سے متعلق فیصلہ 26 نومبر کو پنڈی میں ہی کیا جائے گا، تاہم عمران خان نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو کارکنان اپنے ساتھ لانے کی ذمہ داری دی ہے، جس کے تحت ہر ارکن صوبائی اسمبلی کو حلقے سے کم از کم 2 ہزار اور ہر ایم این اے کم از کم 3 ہزار لوگ لانے کا پابند کیا گیا ہے، قافلوں کی سکیورٹی کے لیے فول انتظامات کیے جائیں، راولپنڈی ڈویژن کے صوبائی وزراء ٹینٹ سٹی میں پہنچنے والے قافلوں کی میزبانی کے ذمہ دار ہوں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کو مراسلہ لکھ دیا، وزارت داخلہ نے مراسلے میں کہا ہے کہ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ عام شہریوں کی جان کو خطرہ ہے، عمران خان پر وزیر آباد میں پہلے بھی حملہ ہو چکا ہے اور اس واقعہ میں ایک شخص جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا، کسی بنیاد پرست نوجوان کی جانب سے انتقامی کارروائی کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

ادھر 26 نومبر کو فیض آباد کے مقام پر تحریک انصاف انصاف کے متوقع دھرنے کے پیش نظر راولپنڈی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جگہ تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے، راولپنڈی انتظامیہ نے دھرنے کا مقام علامہ اقبال پارک تک لانے کی تجویز دی کیوں کہ 26 نومبر کو انگلینڈ ٹیم گرین شرٹس سے کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچے گی، پی ٹی آئی دھرنے کی وجہ سے پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ راولپنڈی فیض آباد کے قریب انتہائی اہم تنصیبات بھی موجود ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات