کرکٹ میں بحران کا خاتمہ ہونے جارہا ہے ، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنا چاہتے ہیں،چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی

جمعرات 22 دسمبر 2022 16:50

کرکٹ میں بحران کا خاتمہ ہونے جارہا ہے ، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنا چاہتے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈمینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کرکٹ میں بحران کا خاتمہ ہونے جارہا ہے ،پاکستان کرکٹ بورڈ میں قیادت کی تبدیلی کا عمل شروع ہو گیا،ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو روزگار ملے ،پی سی بی کے معاملات میں تبدیلی کا خیرمقدم کرنے پر کرکٹ کے تمام شائقین کا شکریہ اداکرتاہوں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کولاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نجم سیٹھی نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں قیادت کی تبدیلی کا عمل شروع ہو گیا ہے اور پی سی بی کا 2014 کاآئین پھر سے بحال ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ کمیٹی دن رات فرسٹ کلاس کرکٹ کی بحالی کے لیے کام کرے گی، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو روزگار ملے، ہمیں آنے والے دنوں میں بہت کام کرنا ہے ،ہزاروں کرکٹرز کو روزگار ملے گا۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان بہت اہم ہے اور ٹیم کا اعلان ہوچکا ہے ابھی اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا ،کچھ لوگوں کا موقف ہے کہ ٹیم بھی تبدیل کریں جبکہ کچھ لوگوں کی رائے میں ابھی ٹیم کو نہیں چھیڑنا چاہیے، کارکردگی اگر اچھی ہو تو تبدیلی نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر کراچی والے کہتے تھے آپ میچز صرف لاہور میں کرائیں گے لیکن ہم نے سب سے پہلے میچز کراچی میں کرائے ،اب انٹرنیشنل میچز پشاور میں بھی کرائیں گے۔

نجم سیٹھی نے کہاکہ پی سی بی کے معاملات میں تبدیلی کا خیرمقدم کرنے پر کرکٹ کے تمام شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ابھی بہت سا کام کرنا باقی ہے، مینجمنٹ کمیٹی کو معاملات چلانے کے لیے گڈ لک کہیں۔نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کریں گے، ہمیں ڈومیسٹک کرکٹ کو صحیح کرنا ہے، چار سال بعد آیا ہوں، بہت کام کرنا ہے۔ قبل ازیں قذافی سٹیڈیم پہنچنے پر پی سی بی کے اعلی حکام نے نجم سیٹھی کا استقبال کیا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے کیلئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 14رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی ہوں گے، یہ کمیٹی 120 دن تک پی سی بی کے معاملات چلائے گی۔