ہندوستان کا سیکولر ازم اور جمہوریت کا دعویٰ جھوٹ ہے،چوہدری محمد یٰسین

مقبوضہ کشمیر میں قتل عام اور لاک ڈاؤن کے بعد ہندوستان کو جمہوری کہلانے کاحق نہیں،صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

بدھ 25 جنوری 2023 18:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2023ء) صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر وممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ 26 جنوری بھارت کے نام نہاد جمہوری دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، ہندوستان کا سیکولر ازم اور جمہوریت کا دعویٰ جھوٹ ہے،مقبوضہ کشمیر میں قتل عام اور لاک ڈاؤن کے بعد ہندوستان کو جمہوری کہلانے کاحق نہیں۔

اپنے بیان میںانہوں نے کہاکہ کشمیری عوام جرات کے ساتھ ہندوستان کے ظلم وستم کا مقابلہ کررہے ہیں۔ہندوستان کی دس لاکھ فوج کشمیریوں کو جھکانے اور دبانے میں ناکام رہی ہے اب عالمی سطح پر کشمیریوں کے مظالم اجاگر ہورہے ہیں امریکہ سمیت عالمی طاقتیں ہندوستان کااصل چہرہ دیکھ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کو بھی مسئلے کی سنگینی کااحساس ہوگیا ہے۔ بھارت نام نہاد جمہوریت کی آڑ میں دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور کشمیر میں اہنے بدترین جنگی جرائم کو چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔

دنیا جانتی ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرہ مودی گجرات میں دو ہزار سے زائد مسلمانوں کے قتل عام کا خود مجرم ہے اور اسی طرح جموں کشمیر میں بھی ہزاروں شہریوں کے قتل کا زمہ دار ہے۔ 26 جنوری کو یوم سیاہ اور یوم احتجاج کے طور پر منا کر بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے پوری طرح بے نقاب کیا جائے۔ بھارت جعلی جمہوریت کی آڑ میں نہتے کشمیری شہریوں کو قتل ریاست کے لوگوں کے تمام جمہوری، انسانی، سیاسی، سماجی اور مذہبی حقوق پامال کررہا ہے۔

بھارتی حکمران جعلی جمہوریت کی آڑ میں ریاست جموں کشمیر کے اندر نہتے نوجوانوں کو فرضی فوجی جھڑپوں میں قتل کر رہا ہے، نہتے کشمیری شہری بھارتی زندانوں میں قید کیئے جارہے ہیں۔ 26 جنوری کو بھارت کی جعلی جمہوریت کیخلاف یوم سیاہ منا کر مقبوضہ جموں کشمیر میں رواں بھارتی حکومت اور قابض فوجیوں کے جنگی جرائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔