مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا روڈ کارواں لاہور سے راولپنڈی10تا12فروری کو ہو گا

مہنگائی ، ٹیکس اور کرپشن میں اضافہ ،آئی ایم ایف کے غلاموں نے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے : جاوید قصوری

بدھ 1 فروری 2023 21:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2023ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں اورمہنگائی میں روزبروز اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا 10تا12فروری کو عوامی روڈ کارواں لاہور سے راولپنڈی ہو گا۔جس میں جماعت اسلامی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت کے ساتھ کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہوگی ۔

حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیںوزیر خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف کی تمام سخت شرائط کو من وعن قبول کرنے اور عوام پر مزید ٹیکس لگانے کی حامی بھرنے سے عوام میں تشویش بڑھ گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی صورتحال کو انتہائی خراب قرار دے رہے ہیں روپے کی بے قدری سے وسیع معاشی اثرات پڑیں گے ۔

(جاری ہے)

ایک طرف ایل پی جی کی قیمت میں 60روپے فی کلو اضافہ سے عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گا ،جبکہ دوسری جانب بینکوں کا ایل سیز کھولنے سے انکار سے ملک کے اندر ایندھن کی قلت اور انڈسٹریز تباہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔اس اقدام سے ایک کروڑ سے زائد مزدور بے روزگار ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 275روپے سے تجاوز کر چکا ہے جس کے باعث ملک میں مہنگائی 25فیصد سے بڑھ گئی ہے غیر ملکی سرمایہ کاری میں 180فیصد تک کمی حکمرانوں کی ناکام ترین معاشی پالیسیوں کی بدترین مثال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف کرپشن میں ترقی کر رہا ہے ۔ پاکستان کا مالیاتی خسارہ 218ارب سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ سٹیٹ بنک ذخائر 3.08ارب ڈالرز رہ گے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ سٹیل مل ، پی آئی اے سمیت تمام منافع بخش ادارے خسارے میں جا چکے ہیں، حکمرانو ں نے ہر شعبہ کو تباہی کے دھانے تک پہنچا دیا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے اہل قیادت کو موقع فراہم کیا جائے ۔اور صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی ملک وقوم کو باصلاحیت قیادت دے سکتی ہے ۔