مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام بھارتی فوج کے سامنے سینہ سپر ہیں اور تمام تر مظالم کے باوجود اپنی تحریک آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں، وزیراعظم آزادجموں وکشمیر

جمعہ 3 فروری 2023 23:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2023ء) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہےکہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام بھارتی فوج کے سامنے سینہ سپر ہیں اور بھارتی فوج کے تمام تر مظالم کے باوجود اپنی تحریک آزادی جاری رکھے ہوے ہیں ، بھارت تمام مظالم ڈھا کر بھی کشمیری عوام کے جزبہ حریت کو کم نہیں کر سکتا ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز آزاد کشمیر کے دورہ پر آئے مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے وفد سے ملاقات میں کیا ۔وزیراعظم آزاد کشمیر کی خصوصی دعوت پر وفد نے اسلام آباد میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں مقبوضہ کشمیر سے آئی بزرگ خواتین سمیت آزاد کشمیر میں مقیم مہاجرین جموں وکشمیر کے مرد و خواتین بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد کی جانب سے وزیراعظم کو کشمیری پھیرن اور سرینگر سے لائی کشمیری شال پہنائی گئی اور سردیوں میں استعمال ہونے والی کانگڑی کا تحفہ پیش کیا گیا۔

وفد میں شامل خواتین نے کشمیری زبان میں ترانہ بھی پڑھا اور وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے وفد سے مقبوضہ کشمیر کے حالات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی اور کہا کہ وہ دن دور نہیں جب آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور ہم الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے شہداء کشمیر کے مشن کی تکمیل کریں گے ۔وفد کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں بتایا گیا۔

خواتین نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ بھارتی فورسز کشمیریوں پر اوچھے ہتھکنڈوں سے ظلم و ستم ڈھا رہی ہے۔ بزرگ خاتون نے کہا کہ سردار تنویر الیاس خان کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو آگاہی ہے ۔ وزیراعظم کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اٹھائے گئے اقدامات پر انہیں سلام پیش کرتی ہوں اور پوری کشمیری قوم انکی مشکور ہے۔