Live Updates

چوہے کو شیر بنانے والے سہولتکار اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں

سہولتکاروں نے پچھلے دس سال چوہے کو شیر بنانے کی سرتوڑ کوشش کی۔ سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 مارچ 2023 21:37

لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ 2023ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ چوہے کو شیر بنانے والے سہولتکار اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ جنھوں نے پچھلے دس سال چوہے کو شیر بنانے کی سر توڑ کوشش کی، وہ سہولت کار اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ اسی طرح وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ زمان پارک لاہور جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر حملہ ہوا اور عمران خان کہتے ہیں ان کی بیوی ڈر گئی، بشریٰ بی بی نے ہیرے اور انگوٹھیاں لیتے ہوئے چیخیں نہیں ماریں۔

عمران خان کے عدالت میں بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سوال کیا کہ کیا پنکی باجی(بشری بی بی) کو ہیرے اور انگوٹھیاں لیتے ڈر لگا تھا اور ان کی چیخیں نکلتی تھیں ۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ لاہور اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پولیس کے سر توڑنے، پٹرول بم پھینکنے، جوڈیشل کمپلیکس پہ مسلح جتھوں سے حملہ آور ہونے کے بعد بیوی (عمران خان کی اہلیہ ) تمہاری ڈر گئی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کیا اس وقت شرم اور حیا کہاں تھی جب مریم نواز کے بیڈ روم میں رات کو گھسنے کا آرڈر دیا تھا، مریم کے نیب سیل میں کیمرہ لگا کر اپنے موبائل پہ دیکھتے تھے، اس وقت شرم کہاں تھی، شہباز شریف کی بیٹی کے گھر نیب کو حملہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے، فریال تالپور کوعید پر ہسپتال سے گھسیٹ کر لاتے ہوئے اور مسجدِ نبوی اور لندن میں مجھ پر حملہ کراتے شرم آئی تھی ۔

عمران خان کے عدالت چھپ کر آنے کے بیان پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دہشت گرد چھپ کر ہی عدالت آتے ہیں، وقت دور نہیں منہ چھپا کر آنا پڑے گا۔خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں عدالت کے سامنے پیش ہوکر بیان دیا کہ میری اسلام آباد عدالت میں پیشی کے موقع پر میری غیر موجودگی میں پولیس نے میرے گھر پر حملہ کیا اور شیشے توڑ دیئے۔عمران خان نے مزید کہا کہ میری اہلیہ بشری بی بی پردہ کرتی ہیں، وہ شیشے کے پیچھے تھیں، جب شیشے توڑے گئے تو وہ ڈر گئیں اور انہوں نے چیخیں بھی ماری۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات