انتخابات سے فرار ملک وملت کے لیے خوفناک نتائج لائے گا،لیاقت بلوچ

پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑنا غلط اقدام تھا، اب مزید غلطی اور غیرآئینی اقدام کرکے تباہی کو دعوت نہ دی جائے،نائب امیرجماعت اسلامی

جمعرات 23 مارچ 2023 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2023ء) نائب امیر جماعت اسلامی، مرکزی انتخابی سیل کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ انتخابات سے فرار ملک و مِلت کے لیے خوفناک نتائج لائے گا، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑنا غلط اقدام تھا، اب مزید غلطی اور غیرآئینی اقدام کرکے تباہی کو دعوت نہ دی جائے، انتخابات کے التوا کے خلاف جماعت اسلامی بھرپور مزاحمت کرے گی۔

منصورہ میں ملک گیر انتخابی مہم، ہدیةالہادی کی کانفرنس اور صوبائی حلقہ 160 کی انتخابی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے امیدواران صوبائی اسمبلی نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔ انتخابی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ امیدواران اور کارکنان گھر گھر جاکر ووٹرز کو ترازو نشان پر ووٹ کی اپیل کریں گے اور ملک پر ذلت، تباہی، ظلم، لاقانونیت اور کرپشن مسلط کرنے والے حکمران عیاش طبقہ کے خلاف عوامی بیداری پیدا کریں گے۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی جمہوری قوتوں کو آئین کے تحفظ، صاف شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابتا کے لیے ڈائیلاگ کرنا چاہیے۔ 2013ء اور 2018ء کی طرح ملک اب 2023ء کے انتخابات کو متنازع بنانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں عدم استحکام، بے یقینی اور افراتفری سے صرف اندرونِ ملک ہی نہیں بیرونِ ملک پاکستانی شدید پریشان ہیں۔ مستقبل کی بییقینی آئی ایم ایف کی بدترین، خوفناک شرائط بڑھانے کے لیے ریڈ کارپٹ بنی ہوئی ہے اور دوست ممالک نے بھی امداد سے ہاتھ روک لیا ہے۔

آٹا، چینی، گھی کے حصول کے لیے عوام مارے مارے پھرتے ہیں۔ آٹے کا تھیلا غریب کے لیے موت کا پروانہ بنادیا گیا ہے۔ سیاسی کشیدگی کی شدت کم کرکے جمہوری قوتیں بحرانوں کے خاتمہ کے لیے پوری توجہ بروقت انتخابات پر مرکوز کریں۔لیاقت بلوچ نے کراچی بلدیاتی نظام کے لیے پی پی پی اور ایم کیو ایم کے گٹھ جوڑ کو سندھ کے عوام کے شہری حقوق پر ڈاکہ زنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام نے تقسیم شدہ مینڈیٹ میں جماعتِ اسلامی کو ووٹ کی اکثریت دی ہے۔

کراچی کے عوام کا اجتماعی شعور پکار رہا ہے کہ بلدیاتی انتخابتا میں کامیاب جماعتیں اتفاقِ رائے پیدا کریں۔ کراچی کے مسائل کا حل جماعتِ اسلامی ہی ہے۔ جماعتِ اسلامی ہی تمام جماعتوں کو ساتھ لے کرکراچی کے عوام کو خوشحال کراچی کی رونقیں پھر سے لوٹا سکتی ہے۔