Live Updates

شہبازشریف آٹا سٹنٹ سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، وہ اپنی طرح قوم کو بھی بھکاری بنانا چاہتے ہیں،چودھری پرویزالٰہی

حکومت آٹے کا ایک تھیلا دے کر لوگوں کے ضمیر اور ووٹ نہیں خرید سکتی، ہر شہر میں آٹے کی لائن میں روزانہ ایک قیمتی جان ضائع ہوتی ہے لیکن شہبازشریف شعبدہ بازیوں سے پھر بھی باز نہیں آتے ،عمران خان وکٹری سٹینڈ پر پہنچ چکے، قوم کو عزت و وقار سے جینے کا شعور دیا، لاہور کے تاریخی جلسہ نے حکومت پر سکتہ طاری کر دیا، الیکشن کے بعدپنجاب میں ن لیگ کی سیاسی موت اور پی ڈی ایم کی سیاست انشاء اللہ دفن ہو جائیگی

پیر 27 مارچ 2023 20:45

شہبازشریف آٹا سٹنٹ سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، وہ اپنی طرح قوم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2023ء) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے این اے 157 وہاڑی سے امیدوار چودھری محمد ایوب بندیشہ، چودھری اعجاز احمد وڑائچ، سید نور محمد شاہ، سابق تحصیل صدر وہاڑی چودھری محمد غضنفر الیاس بندیشہ، احسن ایوب بندیشہ سابق وائس چیئرمین شکات سیل وہاڑی، عامر سعید راں ایڈووکیٹ اور سرور بٹ سیکرٹری جنرل سرکل کبڈی فیڈریشن نے ملاقات کی۔

چودھری پرویزالٰہی نے شہبازشریف کے فوٹو سیشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف آٹا سٹنٹ سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، شہبازشریف قوم کو بھی اپنی طرح بھکاری بنانا چاہتے ہیں، حکومت آٹے کا ایک تھیلا دے کر لوگوں کے ضمیر اور ووٹ نہیں خرید سکتی، ہر شہر میں آٹے کی لائن میں روزانہ ایک قیمتی جان ضائع ہوتی ہے لیکن شہبازشریف شعبدہ بازیوں سے پھر بھی باز نہیں آتے، صدر مملکت کے نام شہباز شریف کے جوابی خط میں رونے دھونے کے سوا کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو عزت و وقار سے جینے کا شعور دیا ہے، عمران خان کے تاریخی جلسہ نے حکومت پر سکتہ طاری کر دیاہے، عمران خان وکٹری سٹینڈ پر پہنچ چکے ہیں، مقدمے، گرفتاریاںاور پر تشدد کارروائیاں اب بیکار ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کو دوبارہ برسراقتدار آنے سے روکنے کیلئے پی ڈی ایم ملک کو مارشل لا کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے لیکن پی ڈی ایم حکومت کی ملک میں مارشل لا لگوانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے ملکی اور غیر ملکی خیر خواہ پاکستان کو جلد از جلد الیکشن کرانے کا مشورہ دے رہے ہیں، اب تو ادارے بھی سمجھتے ہیں کہ موجودہ معاشی حالات کسی ایڈونچرکے متحمل نہیں ہو سکتے، الیکشن کے سوا موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کا کوئی حل نہیں، الیکشن کے بعدپنجاب میں ن لیگ کی سیاسی موت اور پی ڈی ایم کی سیاست انشاء اللہ دفن ہو جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات