Live Updates

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی ، وزیراعظم شہبازشریف ، وفاقی کابینہ اراکین اور سیاسی جماعتوں کی قیادت (کل) ہفتہ عیدالفطر اپنے آبائی علاقوں میں منائیں گے

جمعہ 21 اپریل 2023 18:01

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی ، وزیراعظم شہبازشریف ، وفاقی کابینہ اراکین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2023ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم شہباز شریف ، وفاقی کابینہ اراکین اور سیاسی جماعتوں کی قیادت (کل) ہفتہ کو عیدالفطر اپنے آبائی علاقوں میں منائیں گے ۔ ملک بھر میں (آج) ہفتہ کو عیدالفطر مذہبی عقیدت سے منائی جائے گی ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کراچی اور وزیراعظم شہباز شریف لاہور جبکہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز جدہ میں عید منائیں گی۔

سابق صدر مملکت آصف زرداری نوابشاہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو لاڑکانہ میں عید منائیں گے، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ فیصل آباد ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف گوجرخان میں عید منائیں گے، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہٰی گجرات میں ،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ملتان میں عید منائیں گے،منظور وٹو اوکاڑہ اور مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان میں عید منائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی، سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہبازبھی لاہور میں عید منائیں گے، گورنرپنجاب بلیغ الرحمان، سابق گورنرپنجاب چودھری سرور، سردار لطیف کھوسہ بھی عید کے ایام لاہور میں گزاریں گے، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، ایازصادق، نگران صوبائی وزیرجاوید اکرم بھی لاہور میں عید کی خوشیاں منائیں گے۔، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم لاہور میں عید منائیں گے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان لاہور، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثان علی خان اور شیخ رشید احمد راولپنڈی ، شاہ محمود قریشی ملتان، فواد چودہدری جہلم میں عید منائیں گے ۔سندھ ، کے پی کے اور بلوچستان کے وزرا اعلی صوبائی دارلحکومتوں میں عیدمنائیں گے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات