Live Updates

جس شخص میں ''میں'' آ جائے نا کامی اس کا مقدر بنتی ہے، (ق) لیگ میں شمولیت کرنیوالوں کا شکریہ اداکرتا ہوں، چوہدری شجاعت حسین

جمعرات 25 مئی 2023 21:22

جس شخص میں ''میں'' آ جائے نا کامی اس کا مقدر بنتی ہے، (ق) لیگ میں شمولیت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2023ء) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جس شخص میں ''میں'' آ جائے نا کامی اس کا مقدر بنتی ہے،مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کرنے والوں کا شکریہ اداکرتا ہوں،ہماری پارٹی کو موقع ملا تو بہتر طریقے سے عوام کی خدمت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں مسلم لیگ (ق) کے چیف آر گنائزر چوہدری محمد سرور اور جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری شافع حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آ ئی کی سابق ایم این اے عائشہ گلا لئی، کے پی کے سے عزت خان اور قومی وطن پارٹی کے ولی محمد خان نے مسلم لیگ (ق ) میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) میں شامل ہونیوالوں کا تہہ دل سے شکریہ اداکرتا ہوں،جمہوریت کی صورت میں لوگوں کو ایک اچھا موقع مل رہا ہے،لوگ ملک کے کونے کونے سے مسلم لیگ( ق) میں شامل ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے تکبر کسی صورت میں برداشت نہیں، جس شخص میں ''میں'' آ جائے نا کامی اس کا مقدر بن جاتی ہے،اگر انسان میں منافقت اور تکبر نہ ہو تو کامیابی ہمیشہ اس کے قدم چومتی ہے۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ میں نے کبھی سفارش نہیں کی کہ میرے بیٹے کو وزیر بنایا جائے،جب پی ڈی ایم کی حکومت بنی تومیرے بیٹے چوہدری سالک کو وزیر بنایا گیا،میں ان تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام ورکرز کو ساتھ لے کر چلوں گا،تمام فیصلے پارٹی عہدیداروں کی مشاورت سے کئے جائیں گے، اگر ہماری پارٹی کو حکومت بنانے کا موقع ملا تو عوام کے مسائل حل کریں گے اورپہلے سے بہتر طریقے سے عوامی خدمت کریں گے۔ مسلم لیگ (ق) کے چیف آر گنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) میں چوہدری شجاعت کی قیادت میں بہت سے لوگ شامل ہو رہے ہیں،سانحہ9 مئی کے حوالے سے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مسلم لیگ ق نے ملک بھر میں ریلیاں نکالی ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ مسلم لیگ ق صرف پنجاب کی جماعت ہے بلکہ مسلم لیگ( ق) کی جڑیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ق ایک بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آ ئیگی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا ایک ہی مقصد ہے کہ ہم صحت، تعلیم، پولیس ریفارمز اورجوڈیشری ریفامز سمیت ہر چیز کا منشور دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ اقتدار حاصل کرنا میرا مقصد نہیں بلکہ میری خواہش ہے کہ میں اس طریقے سے پارٹی ڈویلپ کروں کہ جس میں جمہوریت ہو، احتساب کا عمل بہترہو، اگر ہمیںموقع ملا تو ہم توانائی کا مسئلہ حل کریں گے ، غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں گے،عدل و انصاف کے حوالے سے ایک موثر نظام دیا جائے گا اورشرح خواندگی میں اضافہ کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی تلخیوںکو بھلا کر ہمیں آگے بڑھنا ہوگا ،ماضی میں ہمارے ساتھ کیا ہوا اس کے بارے میں اب ہمیں نہیں سوچنا چاہیے بلکہ ملکی مسائل کو حل کرنے کے لیے مل بیٹھ کر روڈ میپ بنائیں گے اور ایک دوسرے کے ساتھ نفرت کو محبت میں تبدیل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی لوگوں کو توڑنا نہیں بلکہ جوڑنا چاہتی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ کے پی سے تعلق رکھنے والے افراد جنہوں نے مسلم لیگ (ق ) میں شمولیت اختیار کی ہے وہ خیبر پختونخواہ میں پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے دور میں صاف پانی کمپنی بنی ،اس میں کسی قسم کی کوئی کرپشن نہیں ہوئی،اس صاف پانی کمپنی کی بدولت ایک کروڑ لوگوںکو صاف پانی مہیا کر رہے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعہ میں ملوث جو لوگ پکڑے گئے ہیں ان میں سے جو گناہ گار ہیں ان کو قرار واقعی سزاد ی جائے اور جو بے گناہ ہیں چاہے ان کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو ان کے خلاف کارروائی کرنے کی ہماری پارٹی حمایت نہیں کرتی،ہم چاہتے ہیں کہ انصاف کا بول بالا ہو۔

مسلم لیگ ق کے جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کے پی کے میں دس سال حکومت رہی لیکن کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں ہوا، نہ کوئی ہسپتال بنا اور وعدے کے مطابق نہ پولیس ریفارمز کی گئیں۔پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما عائشہ گلا لئی نے کہا کہ2017 میں معلوم تھا کہ ہوائوں کا رخ عمران خان کی طرف تھا لیکن سچ کا علم اٹھایا اور آج میری کہی تمام باتیں سچ ثابت ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ قابلِ احترام سیاستدان چوہدری شجاعت کی شاگردی اختیار کر رہی ہوں، شہدا کے اہلخانہ ہماری دعاوں میں ہیں،پاکستان کا ہر شہری پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ2017 میں یزیدیت کے خلاف حلف اٹھایا، مجھ سمیت دیگر لوگ تحریک انصاف میں کسی شخصیت کے لیے نہیں بلکہ روشن پاکستان کے وژن کے ساتھ آئے تھے،پانچ سال کے دوران کئی سیاسی جماعتوں نے شمولیت کی دعوت دی تاہم میں نے کسی پارٹی کو جوائن نہیں کیا،آج میں مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کر رہی ہوں کیونکہ یہ وہ جماعت ہے جوبانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس لیے بھی پارٹی جوائن کر رہی ہوں کہ چوہدری شجاعت حسین قابل احترام سیاستدان ہیں، یہ وہ شخصیت ہیں جن کا جینا مرنا پاکستان کے لیے ہے،انہوں نے اپنی کرسی کو کبھی قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں کیا۔عائشہ گلا لئی نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں،انہی سے متاثر ہو کر ان کی شاگردی اختیار کر رہی ہوں۔چوہدری شجاعت وزیراعظم کی کرسی پر بھی بیٹھے اس کے باوجود ان پر کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات