Live Updates

پرویز الٰہی کے محسن نقوی سے متعلق بیان پر عامر میر کا ردِعمل

پرویز الٰہی اپنی گرفتاری کا مدعا نگران وزیراعلٰی پر ڈالنے سے گریز کریں،سابق وزیراعلٰی پنجاب کو کرپشن پر محسن نقوی نے مجبور نہیں کیا تھا،نگران وزیر اطلاعات پنجاب

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 2 جون 2023 14:50

پرویز الٰہی کے محسن نقوی سے متعلق بیان پر عامر میر کا ردِعمل
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 02 جون 2023ء) پرویز الٰہی کے محسن نقوی سے متعلق بیان پر نگران پنجاب حکومت کا ردِعمل آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی اپنی گرفتاری کا مدعا محسن نقوی پر ڈالنے سے گریز کریں،پرویز الٰہی اینٹی کرپشن کے ہاتھوں کرپشن کے الزام میں گرفتار ہوئے۔

عمران خان خود انہیں پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو قرار دے چکے ہیں،سابق وزیراعلٰی جھوٹے الزام لگا کر سیاسی شہید نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہے،پرویز الٰہی کو کرپشن پر محسن نقوی نے مجبور نہیں کیا تھا۔گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دینا سنگین مذاق ہے،قانون پرویز الٰہی سمیت ہر بد عنوان کیخلاف حرکت میں آئے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پرویز الہی نے آج عدالت پیشی کے موقع پر کہا تھا کہ مجھ پر ظلم محسن نقوی کروا رہا ہے،بے گناہ ہوں اور مجھے اپنی عدلیہ پر پورا اعتماد ہے۔میں شروع سے ہی پاک فوج کا حامی رہا ہوں۔لیکن ان کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے وہ اپنے ارد گرد بیٹھے لوگوں کو دیکھیں کہ ملک اور قوم کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے۔ چوہدری پرویز الہی نے پی ٹی آئی کے ورکرز کے نام پیغام میں کہا کہ آپ حق پر اور سچ پر ہیں،آپ پاکستان کے لیے کھڑے ہیں، آپ نے مضبوط رہنا ہے، آپ نے پیچھے نہیں ہٹنا۔

انکا کہنا تھا کہ میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا،میں پی ٹی آئی میں ہوں اور اس میں ہی رہوں گا،یہ برا کر رہے ہیں اور بُرا ہی بھگتیں گے۔ خیال رہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے لاہور پولیس کی مدد سے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے الزام میں انہیں اس وقت گرفتار کیا، جب وہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ سے کہیں جانے کے لیے نکل کر ابھی چوہدری ظہور الٰہی روڈ پر آئے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات