Live Updates

امریکا کا شکیل آفریدی کی رہائی کیلئے ’تخلیقی حل‘ کا عزم، کانگریس مین کی عافیہ صدیقی سے تبادلے کی تجویز

منگل 18 جولائی 2023 19:07

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2023ء) امریکی کانگریس کے رکن بریڈ شرمین نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہا ئی کے بدلے ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرنے کی تجویز دی ہے ۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو پاکستانی جیل سے نکالنے کی تجویز رواں ہفتے کے شروع میں جنوبی اور وسطی ایشیائی خطے کے لیے 2024 کے بجٹ پر ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کی سماعت کے دوران سامنے آئی جب امریکی کانگریس کے رکن بریڈ شرمین نے محکمہ خارجہ کی عہدیدار سے مکالمہ کیا۔

بریڈ شرمین 26 جولائی کو پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق پر سماعت کریں گے، انہوں نے پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ الزبتھ ہورسٹ سے یہ پوچھا کہ کیا وہ یا محکمہ سے کوئی بھی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

جس پر پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ الزبتھ ہورسٹ نے جواب دیا کہ ’بلکل پاکستان میں جو کچھ کر رہے ہیں اس کے بارے میں بات کرنے میں ہمیں خوشی ہوگی۔

‘بعدازاں بریڈ شرمین نے بتایا کہ کس طرح امریکی کمانڈوز نے 2011 میں القاعدہ کے سربراہ کو ہلاکا کیا تھا۔بریڈ شرمین نے کہا کہ ہم اس بات کو بھول گئے کہ اسامہ بن لادن کو لانا کتنا اہم تھا، یہی وہ شخص تھا جس نے امریکی سرزمین ہر ہزاروں امریکیوں کو قتل کیا، اگر ہم اسے حاصل نہ کرتے تو ہماری ساکھ کیا ہوتی، اس نے کتنے دہشت گردی کے حملوں کی پشت پناہی کی اور کس طرح حملوں کی منصوبہ بندی کی۔

بعدازاں بریڈ شرمین نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کا ذکر کیا جن کو انہوں نے اسامہ بن لادن کو ختم کرنے والی 23 رکنی امریکی ٹیم کا 24 واں رکن قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ کوئی آدمی اس وقت تک پیچھے نہیں رہے گا جب تک کہ آپ کو یہ احساس نہ ہو کہ 24 واں شخص ڈاکٹر شکیل آفریدی نامی ایک پاکستانی بھی تھا جس نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دنیا کے بدترین دہشت گرد کو پکڑنے میں ہماری مدد کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی جیل میں قید ہیں، ان کا امریکی خاندان یا امریکی مداح نہیں جو انہیں جیل سے نکالنے کے لیے محکمہ خارجہ پر دباؤ ڈالیں۔بریڈ شرمین نے مزید کہا کہ ’کیا ہم شکیل آفریدی کو نکالنے کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں اور کیا ہم انہیں نکالنے کے لیے ناخوشگوار قدم اٹھانے کو تیار ہیں پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ الزبتھ ہورسٹ نے جواب دیا کہ ’یقناً،جس طرح آپ کو معلوم ہے کہ ہم ڈاکٹر شکیل آفریدی کے بارے میں فکرمند ہیں، وہ بے گناہ ہیں اور ہم انہیں جیل سے نکالنا چاہیں گے۔

قانون ساز نے کہا کہ ’کیا ہم عافیہ صدیقی کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو واپس لا سکتے ہیں۔ الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ ’میں فی الحال اس سوال کا جواب نہیں دے سکتی لیکن میں یہ وعدہ کرتی ہوں کہ اس پر غور کریں گے اور دیکھا جائے گا کہ شکیل آفریدی کو واپس لانے کے لیے کون سے تخلیقی حل تلاش کیے جا سکتے ہیں‘۔الزبتھ ہورسٹ کی بات مکمل ہونے سے پہلے ہی بریڈ شرمین نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ عافیہ صدیقی کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو لانے کی مخالف ہیں۔

پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ نے کہا کہ ’مجھے اس کے قانونی اثرات کو دیکھنا پڑے گا‘۔بریڈ شرمین نے نشاندہی کی کہ ملکی صدر جس کو بھی چاہیں رہا کر سکتے ہیں۔الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ یہ اس طرح کی بات ہے کہ میں محکمہ انصاف میں اپنے ساتھیوں سے مشورہ کرنا چاہتی ہوں لیکن میں آپ سے اتفاق کرتی ہوں کہ ہمیں ڈاکٹر شکیل آفریدی کو باہر نکالنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

بریڈ شرمین نے کہا کہ امریکا نے ماضی میں دیگر آپشنز پر کوشش کی ہے لیکن کوئی بھی کام نہیں آیا، لہٰذا عافیہ صدیقی کے بدلے ان کو باہر نکالنا ہی واحد راستہ ہے۔سماعت کے دوران تمام قانون سازوں نے پاکستان کے سیاسی اور معاشی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جہاں الزبتھ ہورسٹ اور ڈاکٹر مائیکل شیفر سے پوچھا گیا کہ ان مسائل کو حل کرنے میں مدد کے لیے جو بائیڈن کی انتظامیہ کیا کر رہی ہے۔

الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ پاکستان کی جمہوریت کی سالمیت اس کمیٹی میں شامل افراد کے لیے ایک اہم تشویش ہے، ہمارا پختہ یقین ہے کہ ایک خوشحال، جمہوری اور انسانی حقوق کا احترام کرنے والا پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی آزاد سول سوسائٹی کی حمایت، اصلاحات، نگرانی اور احتساب کے لیے ان کی کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی غیر ملکی امداد کا استعمال کرتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے حکام نے کہا کہ پاکستان کی امریکی امداد سے ان معاملات پر معاونت کی گئی جہاں ہم پاکستان کے ساتھ متعدد مسائل بشمول دہشت گردی کا مقابلہ کرنے، صحت کی فراہمی اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے نتیجہ خیز تعاون کر سکتے ہیں۔گزشتہ برس تباہ کن سیلاب میں امریکا کی طرف سے پاکستان کی معاونت کرنے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آگے بڑھتے ہوئے، ہمارے وسائل کا توجہ موسمیاتی سمارٹ زراعت، صاف توانائی اور پانی کے انتظام پر مرکوز ہیں۔

کمیٹی کے چیئر کانگریس جو ولسن نے کہا کہ اراکین پاکستان کے بارے میں اس لیے فکرمند ہیں کیونکہ وہ امریکا کا طویل مدتی شراکت دار رہا ہے۔کانگریسن مین ڈین فلپس نے نشاندہی کی کہ اس وقت پاکستان متعدد بحرانوں کا سامنا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے ساتھ ساتھ پاکستان کی تاریخ کے بدترین معاشی بحران، سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد بڑے پیمانے پر مظاہرے اور پاکستانی طالبان کے بڑھتے ہوئے حملوں نے ملک کو برے طریقے سے کمزور کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کا مستقبل یقینی بنانا اور پاکستان میں طویل مدتی استحکام لانا ہمارے قومی مفادات کا حصہ ہیں اور میں جاننے کی توقع کرتا ہوں کہ موجودہ درپیش مسائل میں جو بائیڈن کی انتظامیا پاکستان کے لوگوں کی کس طرح مدد کر رہی ہے۔کانگریس وومین رکن ینگ کم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت چین نے گوادر میں ایک بڑی بندرگاہ تعمیر کی ہے، جس میں دوہری استعمال، ملٹری ایئربیس اور قریبی جیوانی میں بحری سہولت موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی ترقی کی آڑ میں چین اپنے جنوبی ایشیائی ہمسایوں کو اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کر رہا ہے اور قوانین پر مبنی بین الاقوامی نظام کو کمزور کر رہا ہے۔نمائندہ امی بیرا نے کہا کہ ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز نے جنوبی ایشیا میں چین کے معاشی جبر کا مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے متبادل فراہم کرنے کے لیے مضبوط فنڈنگ کی تجویز دی۔

کانگریس مین اینڈی بار نے کہا کہ چین پاکستان میں 62 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جو کہ پہلے ہی 30 ارب ڈالر کا مقروض ہے اور قرض ادا کرنے کے قابل نہیں ہے، تو کیا ہم پاکستان کی مدد کرنے میں شریک ہیں۔ اس پر الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ بالکل امریکی ڈولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) پاکستان میں بہت دلچسپی رکھتا ہے اور اس کے پاس پاکستان کے لیے ونڈ فارمز کا ایک پروجیکٹ ہے، جو کہ فنانسنگ کا متبادل طریقہ ہے۔

سی پیک پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہی وہ چیز تھی جس کے بارے میں امریکا نے پاکستان کو کافی وقت سے خبردار کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ’ہم نے کہا تھا کہ ’خریدار، خبردار‘، اور سی پیک پر متعدد برس دینے کے، مجھے لگتا ہے کہ پاکستانی خود ہی اس پر اپنا فیصلہ کر سکتے ہیں کہ آیا یہ ’عظیم سرمایہ کاری ہے۔‘
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات