واپڈا سمیت ،دیگر ادارے آزاد کشمیر کے وسائل کو شیر مادر سمجھ کر لوٹ رہے ہیں ،طاہر کھوکھر

وزیراعظم انوار الحق نے دلیرانہ انداز میں آزادکشمیر کے عوام کامقدمہ پیش کیا اور ان کو آئینہ دکھایا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی

جمعہ 1 ستمبر 2023 15:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2023ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے رہنما سابق وزیر ٹرانسپورٹ و سیاحت محمدطاہرکھوکھر نے کہاہے کشمیری عوام اپنا حق مانگ رہے ہیں واپڈا سمیت ،دیگر ادارے آزاد کشمیر کے وسائل کو شیر مادر سمجھ کر لوٹ رہے ہیں ،ہم نے ڈیم اور بجلی کی پیدا وار کے لیئے اپنا سب کچھ قربان کر رہے ہیں ،کیا پاکستان کے حکمرانوں نے کالا باغ ڈیم بننے دیا اگر ہم قربانیاں دے رہے ہیں تو ہمارا خون نہ نچوڑا جائے ،واپڈا سمیت اداروں کی کشمیریوں کے ساتھ ناروا سلوک سے کشمیریوں میں مایوسی پھیل رہی ہے،ہمارا ایک ہی موقف ہے ہماری بجلی ہمیں دی جائے نہ کے واپڈا ہمیں ہماری بجلی فروخت کرے ، وزیراعظم انوار الحق دلیرانہ انداز میں آزادکشمیر کے عوام کامقدمہ پیش کیا اور ان کو آئینہ دکھایا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، پہلی دفعہ کسی وزیراعظم نے دلیرانہ انداز میں کشمیری عوام کے حقوق کی بات کی۔

(جاری ہے)

امیدہے کہ بجلی کے بلات اور منگلا و نیلم جہلم رائیلٹی کے حوالے سے دیرینہ مسائل حل کرنے ہوں گے۔ انوار الحق کے دلیرانہ انداز میں عوام کا مقدمہ پیش کرنے کی گواہی قومی میڈیا نے دی جس پر ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔۔ وزیراعظم عوام کی آواز سنتے ہیں اور فوری اقدامات کررہے ہیںانوار الحق آزادکشمیر کے عوام کیلئے امید کی ایک کرن ہیں اور عوام کو ان کو انداز حکمرانی سے بہت سے امیدیں وابستہ ہیں۔

بیوروکریسی کی عیاشیاں بند کیں، غیر ضروری پروٹول ختم کیا، آٹا سبسڈی کے نام پر اربوں روپے کی چوری روکی، مختلف محکموں میں موجود مافیاز کا قلع قمع کیا میرٹ کی پامالی روکی اور بیوروکریسی کو پہلی مرتبہ یہ باور کروایاگیا کہ وہ حکمران نہیں بلکہ عوام کے خادم ہیں انہیں کام کرناہوگا۔ طاہرکھوکھر نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ عوامی حقوق کی بات کرتی ہے۔

ہم وزیراعظم انوار الحق کے گڈ گورننس کیلئے تمام اقدامات کو بھرپورسراہتے ہیں ا۔ انہوں نے کہاکہ مقام افسوس ہے کہ ایک شخص عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام رہا ہے تو اس کے خلاف فوری طور پر سازشیں شروع ہوچکی سازشوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے ،عوام کے احتجاج پر ویر اعظم نے حکومت پاکستان کو جھنجھوڑا ہے اور اپنا فیصلہ دے آئے ہیں یہی عوام کا موقف ہے اب ظلم برداشت نہیں ہوگا ۔پاکستان کے حکمران اور واپڈا اپنا قبلہ درست کرے نفرتوں کے بیج نہ بوئے ،نوجوانوں اور کشمیری قوم میں مایوسی پھیل رہی ہے ،ہماری ایک اپنی شناخت اور ریاست ہے ،ہمیں ہماری بجلی دی جائے اور اسی ریٹ پر دی جائے ہمیں بیچی نہ جائے ،واپڈا کون ہوتا ہے ہمیں ہماری بجلی فروخت کرنے والا۔