قوم سراج الحق کی آواز پر ووٹ کی طاقت کو جماعت اسلامی کی دیانتدار اور اہل قیادت کے حق میں استعمال کرے ، عبدالوحید قریشی

مظلوموں کے لئے راشن فراہم کریں، بل ادا نہ کر سکنے والوں پرایف آئی آر درج کرانے والے حکام کو عدالتوں میں گھسیٹیں گے،رہنما جماعت اسلامی

پیر 25 ستمبر 2023 21:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2023ء) جماعت اسلامی اسلامی کے رہنمائوں عبدالوحید قریشی، حافظ طاہر مجید، عقیل احمد خان اور ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ قوم امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی آواز پر ووٹ کی طاقت کو جماعت اسلامی کی دیانتدار اور اہل قیادت کے حق میں استعمال کرے پی پی، مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی، نگران حکومت سب نے آئی ایم ایف کے غلام کی حیثیت سے پیٹرول بجلی گیس کی قیمتیں آئے روز بڑھا کر بے دردی سے غریب پسے ہوئے طبقات کا خون چوسا ہے اور ان پر بدترین مہنگائی بے روزگاری مسلط کی ہے، جماعت اسلامی ہی حقیقی احتساب کر کے عوام کو ریلیف فراہم کر سکتی اور ڈاکووں لٹیروں سے نجات دلا سکتی ہے، بھوک، بے روزگاری سے خود کشیاں کرنے کے بجائے لوگ جماعت اسلامی سے رجوع کریں، ہم ان کے ساتھ مل کر لٹیروں کی گردنیں بھی پکڑیں گے اور مظلوموں کے لئے راشن فراہم کریں، بل ادا نہ کر سکنے والوں پرایف آئی آر درج کرانے والے حکام کو عدالتوں میں گھسیٹیں گے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات، بجلی کی قیمتوں میں اضافے، کمر توڑ مہنگائی کے خلاف بعد نماز عصر گاڑی کھاتہ چوک پر موٹر سائیکل، گاڑیاں کھڑی کر کے دھرنا دیا گیا، حکمرانوں کی غلامانہ اور مردم آزاد پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی، احتجاجی دھرنے سے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان، ڈپٹی جنرل سیکریٹری سندھ حافظ طاہر مجید، صوبائی رہنما و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی، نائب امیر عبدالقیوم شیخ، جنرل سیکریٹری عدنان دانش، جے آئی یوتھ حیدرآباد کے صدر عرفان قائم خانی، ظہیر الدین شیخ، یوسی چیئرمین آفاق نصر نے بھی خطاب کیا۔

دھرنے میں ناظمین زونز، کارکنوں و شہریوں نے کافی تعداد میں شرکت کی، مشتاق احمد خان، ناصرالدین ناصر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سائیکلیں، کار یں و دیگر گاڑیاں بند کر کے بھرپور احتجاج کیا۔امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر غلام حکمرانوں نے بجلی پیٹرول گیس کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کر کے قوم پر بدترین مہنگائی مسلط کی ہے جس سے غریب اور متوسط طبقات کی زندگی شدید تنگ ہو گئی جماعت اسلامی ہی ملک گیر واحد سیاسی قوت ہے جو جو ظالموں کے خلاف میدان میں ہے اور عوام کے حقوق کے لئے لڑ رہی ہے، زرداری،شریف،عمران اور نگرانوں سب نے اپنے ادوار میں سرمایہ داروں جاگیرداروں سرداروں وڈیروں کے مفادات کے لئے پالیسیاں بنائی ہیں اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر غریبوں کا خون چوسا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت غربت کی لکیر سے بھی نیچے آ گئی ہے، جن لوگوں کو عوام ووٹ دیتے ہیں ان کو کوئی پروا نہیں وہ سب ارب پتی بن گئے ہیں لیکن جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے، عقیل احمد خان نے کہا کہ مہنگائی، بھوک، بے روزگاری بجلی، پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید اور صوبائی رہنما و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے غلام بنے ہوئے ہیں نگراں وزیراعظم کہتے ہیں پیٹرول کی قیمت کم کرنے کا اختیار میرے پاس نہیں ہیں، وہ بتائیں اختیارات پھر کس کے پاس ہیں، ایسا شخص کیسے اچانک کیسے نگراں وزیراعظم بنا دیا گیا ہے، اقوام متحدہ میں سیلفی بنوا لینے کو فخر سمجھتا ہے، انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں،انہوں نے کہا کہ جب ایک جرنیل کے مشورے پر اسمبلیاں توڑ دی جائیں گی تو قوم پر ایسے ظالم ہی مسلط ہوں گے، انہوں نے کہا کہ وقت ا گیا ہے کہ عوام حالات سے مایوس ہونے کے بجائے ڈاکووں لٹیروں کی گردنیں پکڑیں جماعت اسلامی ہی یہ جرات رکھتی ہے کہ بیروں ملک اربوں کھربوں کی جائدادیں بنانے والے لٹیروں اور ڈاکووں سے لوٹی ہوئی دولت واپس لی جائے عوام کے ٹیکس پر پلنے والے جاگیرداروں، اشرافیہ سے پورا ٹیکس وصول کیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، انہوں نے کہا کہ نگراں حکمران فوری انتخابات کرائے اور گھر چلی جائے حکمران مراعات یافتہ طبقات کے پروٹوکول، مفت پیٹرول و بجلی فراہم کرنا بند کیا جائے۔