تجربات کا سلسلہ بند ، مقتدر حلقوں کو پسند نہ پسند کی بجائے ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے سوچنا ہوگا

پیر 2 اکتوبر 2023 21:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2023ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ غربت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے ۔اس جرم میں پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتیں برابر کی شریک ہیں۔مقتدر حلقوں کو پسند نہ پسند کا کھیل ختم کر کے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے سوچنا ہو گا ۔

عوامی طاقت سے بر سر اقتدار آنے والی حکومت ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔تجربات کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اگر کوئی جماعت حقیقی معنوں میں تبدیلی لا سکتی ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے ۔ کرپشن سے پاک ،با کردار، محب وطن لوگ ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

قوم ہمارا ساتھ دے اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کا کامیاب کروائے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلر ز اور آئل کمپنیوں کے مارجن کے علاوہ ڈالر ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کی وجہ سے 12روپے فی لیٹر ریلیف سے محروم ہیں۔ حکومت نے عوام کو گمراہ کیا ہے ۔ بجلی کے بلز موت کے پروانے بن چکے ہیں لوگ اپنے اثاثے فروخت کرکے ادائیگیاں کر رہے ہیں۔

حکمران اپنے اللوں تللوں پر کٹ لگانے کی بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ ایسے بے حس حکمرانوں نے نجات حاصل کرنا ہوگی ۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کی وجہ سے پاسکو میں 36ہزار میڑک ٹن گندم خراب ہو چکی ہے ۔ کوئی ایک بھی شعبہ ایسا نہیں ہے جس میں اہل عہدیداران موجود ہوں ۔ جو جتنا کرپٹ اور نا اہل ہے وہ اپنے اثرو رسوخ کی وجہ سے اتنے ہی بڑے عہدے پر بیٹھا ہے ۔

ضرورت اس امر کی ہے ملک کے اندر سے کرپٹ افراد کا خاتمہ کیا جائے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ 6ماہ کے دوران 150سپننگ ٹیکسٹائل ملز بند ہونے سے 20لاکھ سے زائد افراد بے روز گار ہو گے ہیں،جو کہ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسی کو منہ بولتا ثبوت ہے ۔ حکمرانوں نے ایک جانب مہنگائی کے تما م ریکارڈ توڑ دیے ہیں جبکہ دوسری جانب بے روزگاری کے باعث مزدوروں کے گھروں میں فاقہ کشی پر مجبور ہو چکے ہیں۔