فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ہر صاحب ایمان کی ذمہ داری ہے، شکیل قاسمی

جمعہ 10 نومبر 2023 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2023ء) جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاہے کہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہر صاحب ایمان کی ذمہ داری ہے،مسلم حکمرانوں کو فلسطینی مظلوم مسلمانوں کے لئے بیان بازی اور مذمت سے نکل کرعملی اقدامات کی طرف جانا چاہئے۔ اسرائیل کو سپورٹ کرنے کے لیے تمام کفریہ طاقتیں مجتمع ہیں دوسری جانب فلسطینی نہتے مسلمان اکیلے لڑرہے ہیں، اس صورتحال میں مسلم حکمرانوں کو غیرت ایمانی سے کام لینا چاہئے۔

خاص طورپرپاکستان کو چاہئے کہ عالم اسلام کی قیادت کرتے ہوئے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے ۔یہ باتیں انہوں نے کورنگی میں جمعیت علمائے پاکستان کراچی کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جے یوپی کراچی کے صدر علامہ قاری خلیل احمدنورانی، نائب صدر مفتی زبیر عامر گیلانی، مفتی سراج احمدمہروی، صاحبزادہ غمیر عامر گیلانی ودیگرکی قیادت میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں معروف مذہبی سیاسی شخصیت حاجی رجب علی عباسی نے بھی شرکت کی ۔ فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاکہیہودی فورسزکی فلسطین پر بمباری کومہینہ سے زائد عرصہ ہوچکاہے،جس میںدس ہزارسے زائدمسلمان شہید ہوچکے ہیں،جن میں ایک بڑی تعدادبچوں اور خواتین کی ہے جبکہ یہودی فورسز اسپتالوں، اسکولوں، پناہ گاہوں اور رہائشی عمارتوں پر بھی بم برسارہی ہیں،فلسطین کی سرزمین پر ایک انسانی المیہ جنم لے چکاہے، غزہ کے اسپتالوں میں آکسیجن اور ادویات کا ذخیرہ ختم ہو گیا ہے،اسرائیلی بمباری سے غزہ کی ایک بھی عمارت محفوظ نہیں ہے ۔

غزہ کے مسلمان اپنے عزیز و اقارب کو روزانہ کندھے دے رہے ہیں،غزہ اجتماعی قبرستان بنتا جا رہا ہے ۔اس موقع پر مختلف قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ مظاہرین سے خطاب میں فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاکہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہمارا دینی و ملی فریضہ ہے، اسرائیل کے مظالم کو روکنے کے لیے نام نہاد انسانیت کے علمبردار اقوام متحدہ کا کوئی کردار اب تک سامنے نہیں آیاحالانکہ اسرائیل کا فلسطین پر قبضہ اقوام متحدہ کے قوانین کے بھی خلاف ہے۔

انہوںنے کہا کہ اسرائیل امریکا کی ناجائز اولاد ہے ، قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے وژن کے مطابق کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیاجائے گا ۔رہنمائوں نے کہاکہ اسرائیل نے فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کردی ہے، اس صورتحال میںمسلم ممالک اسلامی فوج غزہ بھیجیں اور مسلمانوں کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے نفرت کے اظہار کے لئے یہودیوں کی بنائی ہوئی مصنوعات کا بائیکاٹ کیاجائے، پوری پاکستانی قوم یہود و نصاریٰ کی تمام مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

جمعیت علمائے پاکستان اپنے فلسطینی مسلمانوں کی ہر ممکنہ مدد کرے گی۔اس سلسلے میں قائد جمعیت علمائے پاکستان ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر تحریک جہاد الاقصیٰ کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت بڑی تعداد میں رضاکار اپنی رجسٹریشن کروارہے ہیں۔ ان کا کہناتھاکہ غزہ کے مسلمانوں کو ہماری مدد کی فوری ضرورت ہے۔ہم ان کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہے اور تاقیامت تک ساتھ رہے گا کیونکہ ان سے ہمارا کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے جو کسی صورت بھی ختم نہیں ہوسکتا۔