Live Updates

اس وقت انتخابی رِ نگ میں صرف ن لیگ اور پیپلزپارٹی کھڑی ہیں

پی ٹی آئی کے ابھی انٹراپارٹی الیکشن ہونے ہیں، ہوسکتا ہے بیلٹ پر بلے کا نشان نہ ہو، سندھ میں ایم کیوایم سے اتحاد کرکے پیپلزپارٹی کو چھیڑا گیا ،ہمارا ہدف ہے مرکز میں اکثریت حاصل کرنا ہے۔ رہنماء پیپلزپارٹی نبیل گبول

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 22 نومبر 2023 21:08

اس وقت انتخابی رِ نگ میں صرف ن لیگ اور پیپلزپارٹی کھڑی ہیں
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 نومبر 2023ء) مرکزی رہنماء پیپلزپارٹی نبیل گبول نے کہا ہے کہ اس وقت انتخابی رِنگ میں صرف ن لیگ اور پیپلزپارٹی کھڑی ہیں،پی ٹی آئی کے ابھی انٹراپارٹی الیکشن ہونے ہیں، ہوسکتا ہے بیلٹ پر بلے کا نشان نہ ہو، سندھ میں ایم کیوایم سے اتحاد کرکے پیپلزپارٹی کو چھیڑا گیا ،ہمارا ہدف ہے مرکز میں اکثریت حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال نظریہ آرہا ہے گراؤنڈ میں جو کھلاڑی ہوتے ہیں انہی کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے، اس وقت رِ نگ میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی ہیں،پی ٹی آئی کے ابھی انٹراپارٹی الیکشن ہونے ہیں، ہوسکتا ہے بلے کا نشان بیلٹ پیپر پر نہ ہوں، وہ ڈس کوالیفائی ایکٹ میں آسکتے ہیں۔ ہمیں یہ چیزیں نظر آرہی ہیں۔

(جاری ہے)

ساتھ یہ بھی نظر آرہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو خوف پیپلزپارٹی سے ہے، سندھ میں ایم کیوایم سے اتحاد کرلیا ہے۔ اس اتحاد پر ہنسی آسکتی ہے، سندھ میں ن لیگ اور پنجاب میں ایم کیوایم کا کوئی ووٹ نہیں ہے، سندھ میں ایم کیوایم سے اتحاد کرکے پیپلزپارٹی کو چھیڑا گیا ہے۔ ہمارا ہدف ہے مسلم لیگ ن سے زیادہ سیٹیں پیپلزپارٹی کو ملیں، اسی وجہ سے پیپلزپارٹی نے ابھی سے انتخابی مہم شروع کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بلاول بھٹو وزیرخارجہ تھے تو وزیراعظم شہبازشریف اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے درمیان کئی عوامی مسائل پر اختلافات بھی ہوئے، بلاول کئی بار کابینہ اجلاس میں بھی نہیں جاتے تھے، یہ باتیں شاید میڈیا پر نہیں آئیں۔ نوازشریف کے جو اقدامات تھے، ہمیں فکر تھی کہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ گیس کا مسئلہ تھا، لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی، انتقامی کاروائیوں میں لگے رہے۔ انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں ، میں نے چیئرمین پی ٹی آئی کا نام نہیں لیا، مجموعی طور پر بات کررہا ہوں، ٹرانسفر پوسٹنگ، فنڈز دیئے گئے۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ کو بھی بنانے میں ہماری کوئی منشاء شامل نہیں تھی۔ 
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات