Live Updates

عطا تارڑ کا امریکہ پرالزامات لگانے پرعمران خان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

بدھ 6 دسمبر 2023 23:07

عطا تارڑ کا امریکہ پرالزامات لگانے پرعمران خان کیخلاف کارروائی کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2023ء) مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے امریکہ پر الزامات لگانے کی وجہ سے سربراہ تحریک انصاف عمران خان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جیل ٹرائل کے دوران جو باتیں کیں اس پر ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے کیوں کہ یہ بغیر ثبوت کے امریکہ پر الزامات لگا رہے ہیں، ہم تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لہذا بانی پی ٹی آئی نے جو جرم کیا اس پر تو کارروائی ہونی چاہیئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جیل میں جو باتیں کیں اس پر میں حیران ہوں، دوران ٹرائل وہی پرانی باتیں کیں جو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف غلط بیانی سے کام لے رہی ہے، ان لوگوں نے پروپیگنڈا میں پی ایچ ڈی کیا ہوا ہے، پی ٹی آئی نے ایک جھوٹا سوشل میڈیا اکاونٹ بنا رکھا تھا جو ن لیگ کے خلاف پروپیگنڈا کرتا ہے، یہ لوگ اتنا ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے ہیں کہ سچ کا گمان ہو۔

خیال رہے کہ طویل عرصہ بعد صحافیوں سے اپنی پہلی غیر رسمی گفتگو میں سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے ڈونلڈ لو کے کہنے پر سب کیا، جنرل ریٹائرڈ باجوہ کو عدالت بلاوں گا، سائفر کیس میں قمر جاوید باجوہ اور امریکی سفارتخانے کے آفیشلز کو گواہ بناوں گا کیوں کہ قمر جاوید باجوہ نے سب کچھ ڈونلڈ لو کے کہنے پر کیا۔

اس موقع پر جب صحافی نے کہا کہ حالات بتاتے ہیں آپ کو طویل عرصے تک جیل میں رہنا پڑے گا اس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، جیل میں کسی قسم کی مشکل نہیں، جیل میں رہنا عبادت سمجھتا ہوں، قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کیلئے تیار ہے، مجھ سے نہ کوئی ملا نہ مذاکرات کیے، جیل میں مرنا قبول کرلوں گا لیکن ڈیل کرکے ملک چھوڑ کر نہیں جاوں گا، میری قوم کو جا کر بتا دیں کہ عمران خان آپ کے ساتھ بے وفائی نہیں کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں آج آپ کو واضح کر رہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی، حالات دیکھ کر خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں، چھ فیصد کی گروتھ کو صفر پر لے آئے ہیں، لوگ کیا پاگل ہیں انہیں نہیں پتہ کہ کون کیا کررہا ہے۔ اپنی اہلیہ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قسم اٹھانے کیلئے تیار ہوں اور قرآن پر ہاتھ رکھنے کیلئے تیار ہوں بشری کو اس دن دیکھا جس دن میرا نکاح ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات