جیل میں دیسی مرغے کھا کر پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں‘ عابد شیر علی

وہ اپنے ہی نرغے میں آگئے ہیں،کابینہ میں بند لفافوں پر منظوری لینے کا رواج کیا نواز شریف نے ڈالا 190 ملین پائونڈ کیس نیشنل کرائم ایجنسی نے بنایا ملکی ادارے نے نہیں، قومی خزانے میں جمع ہونے چاہیے تھے ٹرائل مکمل ہو تو بانی پی ٹی آئی کی چوری ثابت ہو جائے گی‘ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کی پریس کانفرنس

اتوار 10 دسمبر 2023 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عابد شیر علی نے کہا ہے کہ جیل میں دیسی مرغے کھا کر پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں، وہ اپنے ہی نرغے میں آگئے ہیں،کابینہ میں بند لفافوں پر منظوری لینے کا رواج کیا نواز شریف نے ڈالا ،اس شخص نے اہلیہ کے ساتھ مل کر ڈاکہ ڈالا لیکن کوئی جے آئی ٹی نہیں بنی، 190 ملین پائونڈ کیس نیشنل کرائم ایجنسی نے بنایا ملکی ادارے نے نہیں، 190ملین پائونڈ قومی خزانے میں جمع ہونے چاہیے تھے،ٹرائل مکمل ہو تو بانی پی ٹی آئی کی چوری ثابت ہو جائے گی۔

پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کے واقعات پر نواز شریف پر بھونڈا الزام لگایا، ،لگتا ہے دیسی مرغ کھاکر اس کا جیل میں دماغ خراب ہو گیا ہے،کیا نوازشریف کے کہنے پر نو مئی کا واقعہ کیا گیا ،ان کا بھانجا ادارے کو للکارتا رہا ،یہ ایک بار پھر ملک کو انتشار کی طرف گھسیٹ رہا ہے ،190ملین پائونڈ تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن سکینڈل ہے، ہمارے خلاف کچھ بھی نہیں تھا تو جسٹس (ر) ثاقب نثار نے جے آئی ٹی بناکر مانیٹرنگ جج لگادیا ، نواز شریف کو وٹس اپ کال پر سزائیں سنائی گئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ 190ملین پائونڈ کیس نیشنل کرائم ایجنسی نے بنایا ، یہ کسی ملکی ادارے نے نہیں بنایا، بند لفافہ کابینہ میں پیش کیاجاتا ہے کیا یہ رواج نوازشریف نے ڈالا ہی ،غریب عوام کا 70ارب روپے لوٹنے والوں کو ایماندار ،صادق اور امین قرار دیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین زمینوں کے معاملات پر مالی سہولیات لیتا رہااس پر تو کوئی جے آئی ٹی نہیں بنتی ، کوئی مانٹیرنگ جج نہیں لگایا جاتا ،نئے پاکستان کا خواب دکھایا گیا ، اس نے تمام شرفا ء اور لیڈر شپ کی پگڑیاں اچھال کر انہیں چور ڈاکو کے خطاب سے نوازا ،پوچھتا ہوںپاکستان کا سب سے بڑا چور و ڈاکو کون ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے پاس بجلی اورگیس کے بل دینے کے لئے پیسے نہیں ہیں لیکن یہاں ایک شخص اربوں روپے کھا گیا ،پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کا پانچ دن کا ٹرائل ہو تو یہ چور ثابت ہوجائے گا،پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی عدت والے معاملے پر نہیں جائوں گا وہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے،وہ عدت میں نکاح کرلیتا ہے ، عدت میں توشہ خانہ کی چوریاں کرلیتا ہے،پاکستان کے علما ء پر یہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔

ا نہوںنے کہا کہ ایک شخص پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالتا ہے لیکن اس کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا جاتا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کے سیکشن 208 کی بھی خلاف ورزی کی، ان کے فارن فنڈنگ کے کیس کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا ،علیمہ باجی نے فائدہ اٹھایا ، عوام کو بتائیں کون سی مشینیں چلا کر پیسہ بنایا ،عدالتی نظام پر یہ بہت بڑا سوالیہ نشان ہے،پاکستانی اپنی 190ملین پائونڈ واپس لینا چاہتے ہیں،یہ مہنگائی کا طوفان بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا دیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بیانات کی کوئی اہمیت نہیں ،بلاول بھٹو الیکشن لڑیں،بلاول بھٹو کو سندھ میں ڈھیل دی گئی ،پہلے کہتے تھے شہباز انکل سب سے بہتر ہیں اب تنقید کر رہے ہیں ،شفاف الیکشن ہوں تو بلاول بھٹو کو آسانی سے سندھ میںحکومت نہیں ملے گی ،یہ نواز شریف سے بات شروع کرتے ہیں اور نواز شریف پر ختم کرتے ہیں۔ا نہوںنے کہا کہ ہر ادارے کا اپنا ایک نظام ہے جس کے ذریعے جزا سزا کا فیصلہ کرتے ہیں،ہم نے نیب کو خود بھگتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ایجنڈا صرف پاکستان کی خوشحالی ہے،خوشحال پاکستان سے ہی ملک کی عزت ہے۔