بلاول کی تنقید کے بعد ن لیگ کا پیپلزپارٹی کو سندھ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

صوبے بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرتے ہوئے ورکرز کنونشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 دسمبر 2023 12:00

بلاول کی تنقید کے بعد ن لیگ کا پیپلزپارٹی کو سندھ میں ٹف ٹائم دینے کا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 دسمبر 2023ء ) پاکستان مسلم لیگ ن نے بلاول بھٹو زرداری کی تنقید کے بعد پیپلزپارٹی کو سندھ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن لیگ کی جانب سے سندھ میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے اور ورکرز کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیاری، کیماڑی، ملیر، کورنگی، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، میرپورخاص اور لاڑکانہ میں بھی ورکرز کنونشن اور عوامی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے، سندھ میں مسلم لیگ ن کا پہلا ورکرز کنونشن 15 دسمبر کو حیدرآباد میں ہوگا جہاں بشیر میمن، شاہ محمد شاہ اور محمد زبیر سمیت دیگر رہنماء خطاب کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنماء کھیئل داس کوہستانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ میں ن لیگ باضابطہ طور پر انتخابی مہم شروع کرنے جا رہی ہے، 20 سے 25 دسمبر تک قائداعظم، کرسمس اور پارٹی قائد نواز شریف کی سالگرہ کی تقریبات منعقد ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیگی قیادت کی ہدایت پر سندھ میں بھرپور انتخابی مہم شروع کر رہے ہیں، صوبے کے عوام نواز شریف کی ترقی کے وژن کے ساتھ ہیں، 2024ء کے انتخابی نتائج ثابت کریں گے کہ نظریہ نواز شریف پورے ملک میں مقبول ہے جب کہ بشیر میمن کے آنے سے سندھ میں ن لیگ مزید متحرک ہوچکی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے بلوچستان کے بعد جلد ہی صوبہ سندھ کا رخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ عام انتخابات قریب آنے کے ساتھ ہی ملک میں سیاسی سرگرمیوں میں بھی تیزی آرہی ہے اور مسلم لیگ ن نے بھی اپنی الیکشن مہم کا آغاز کردیا ہے، اسی سلسلے میں پارٹی قائد نوازشریف نے پچھلے دنوں صوبہ بلوچستان کا دورہ کیا اور اب رواں ماہ کے آخری ہفتے میں وہ سندھ کا دورہ کریں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کی جانب سے نواز شریف کے دورے کو حتمی شکل دی جارہی ہے، اس دورے کے دوران صوبے کی متعدد سیاسی شخصیات کی ن لیگ میں شمولیت کا امکان ہے ہوں گی جب کہ اپنے دورے میں نواز شریف مسلم لیگ فنکشنل کے صدر پیر پگاڑا اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔