سندھ کو خوشحال کرنا ہے تو پیپلزپارٹی سے جان چھڑانی ہوگی: خواجہ اظہار الحسن

ہمارے سندھی بھائی بھلے ان لوگوں کو ووٹ دیں لیکن دیکھیں ضرور انہوں نے کیا کیا ہی ۔کیماڑی میں انتخابی دفترکی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 11 دسمبر 2023 16:16

سندھ کو خوشحال کرنا ہے تو پیپلزپارٹی سے جان چھڑانی ہوگی: خواجہ اظہار ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2023ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما خواجہ اظہارالحسن نے کہاہے کہ سندھ کو خوشحال کرنا ہے تو پیپلزپارٹی سے جان چھڑانی ہوگی،ہمارے سندھی بھائی بھلے ان لوگوں کو ووٹ دیں لیکن دیکھیں ضرور انہوں نے کیا کیا ہی ۔کیماڑی میں انتخابی دفترکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنما ایم کیوایم خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ دوبارہ الیکشن آ رہے ہیں، ایم کیو ایم نے سیاسی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں، پانچ امیدوار ہم نے فائنل کر لئے ہیں، خاندانی سیاست نے اس ملک کو تباہ کر دیا ہے، ہم نے معاہدے کرکے منافقوں کو ایکسپوز کیا ہے، ہم نے ساری جماعتوں کو لکھ کر بتایا ہے کہ ہم کرنا کیا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے اس ملک کو ساڑھے تین سال میں مزید تباہ کردیا، پیپلزپارٹی سے مذاکرات کر لیں کوئی تکلیف نہیں ہوتی، مسلم لیگ ن سے مذاکرات کر لئے انہیں تکلیف ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ مردم شماری کیخلاف صرف اور صرف ایم کیو ایم نے آواز اٹھائی، حلقہ بندیوں کے معاملے پر صرف ہم نے آواز بلند کی، ہماری کوششوں سے 53 یوسیز کا اضافہ ہوا، جماعت اسلامی کا ناصر حسین شاہ سے ہونے والا معاہدہ آج تک خفیہ کیوں ہی ۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ہمارے سندھی بھائی بھلے ان لوگوں کو ووٹ دیں لیکن دیکھیں ضرور انہوں نے کیا کیا ہی ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کا پیسہ کہیں اور لگ گیا اس کی فکر نہیں فکر ہے کہ جیکب آباد والوں کو میٹھا پانی کیوں نہیں ملا ۔خواجہ اظہار کہا کہ سندھ کا بجٹ دو ہزار آٹھ میں دو سو ساٹھ ارب تھا دو ہزار تئیس میں بائیس سو ارب ہوا مگر افسوس کہ پیپلزپارٹی کا رونا دھونا ختم نہیں ہوا ۔