پنجاب ،سندھ میں جعلی اتحاد بنائے جا رہے ہیں جو ملک،جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہے،اسلم گل

8فروری کا الیکشن صاف شفاف نہ ہوا تو پیپلز پارٹی اسے تسلیم نہیں کریگی،جنرل کونسل اجلاس کے بعد پریس کانفرنس

جمعرات 14 دسمبر 2023 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں جعلی اتحاد بنائے جا رہے ہیں جو ملک،جمہوریت،وحدت اور معیشت کے لئے نقصان دہ ہے،8فروری کا الیکشن صاف شفاف نہ ہوا تو پیپلز پارٹی اسے تسلیم نہیں کریگی اور یہ الیکشن 8فروری سے آگے گئے تو الیکشن کمشن پر انگلی اٹھے گی۔

وہ پیپلز پارٹی لاہور کی جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد اورنگزیب برکی،حاجی عزیز الرحمن چن ،فائزہ ملک،عمر شریف بخاری،امجد جٹ،عاطف رفیق چودھری ،آصف ناگرہ،زاہد ذوالفقار،نرگس خان،رانا اشعر کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پراسلم گڑا،رانا اشعر،یاسر بارا،عدیل محی الدین ،عزیز ملک،انجم بٹ ،رانا فقیر حسین،شاہد عباس ایڈوکیٹ،چودھری ریاض،عامر نصیر بٹ،نصیر احمد،عارف خان نیشاہدہ جبیں،شکیل پاشا،فہیم ٹھاکر،میر شکیل چنی،منشا پرنس،صداقت شیروانی،عائشہ غوری،جمیلہ اختر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اسلم گل نے کہا کہ8فروری کے انتخابات میں پیپلز پارٹی پنجاب سمیت ملک بھر سے جیتے گی۔انہوں نے بتایا کہ جنرل کونسل کا ایجنڈا 19دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب پر استقبال ہے۔ورکرز کنونشن موچی دروازے ہو یا لبرٹی۔لاہور کی تمام تنظیمیں اور کارکن تیار ہیں۔اسلم گل نے کہا کہ آئندہ منگل کو لاہور ہائیکورٹ کے باہر بلاول بھٹو کا شاندار استقبال کرینگے، 19دسمبر کو مال روڈ پر پارٹی پرچموں اور فلیکسز کی بھر مار کر دینگے۔

چیئرمین بلاول بھٹو اس وقت بہت بڑے لیڈر بن کر ابھرے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ غربت،یوٹیلٹی بل اور مہنگائی کے بم عوام پر گرائے جا رہے ہیں۔نگراں حکومت غیر ملکی دورے چھوڑے اور کیئر ٹیکر بنے،یہ کیئر ٹیکر کسی کو جوابدہ نہیں حالانکہ انہیں صرف الیکشن کرانے چاہیں۔اسلم گل نے مطالبہ کیا کہ نگراں حکومت تمام انڈر پاسز پر اڑھائی ارب لگانے کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر لگائے۔

پیپلز پارٹی لاہور کے صدر نے کہا کہ ایک لاڈلا جیل میں،دوسرے کو تھوک کے حساب سے ضمانتیں دی جا رہی ہیں،ان پرجھوٹے مقدمات بنانے والے کون ہیں۔نواز شریف معاہدے کر کے کئی مرتبہ ملک سے باہر جا چکے ہیں،نواز شریف آپ پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔آپ نے میثاق جمہوریت کی دھجیاں اڑائی ہیں ،جعلی الیکشن نہیں مانیں گے،پھر گو نواز گو کے بعد آپ ملک سے چلے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شروع دن سے 90دن میں الیکشن کا مطالبہ کر رھی ہے۔آصف زرداری نے عمران حکومت کیخلاف عدم اعتماد کے ذریعے ملکی معیشت کو بچایا،پیپلز پارٹی کسی سے اتحاد نہیں کریگی۔اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑینگے۔اسلم گل کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو کے پی میں کامیاب جلسوں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔سیاسی مخالفین عینک لگا کر دیکھیں پیپلز پارٹی کے جلسے کیسے کامیاب ہو رھے ہیں۔گوجرانوالہ میں بھی کامیاب ورکرز کنڈنشن ہوا۔ان جلسوں کے بعد پیپلز پارٹی کا مورال بلند ہوا ہے۔