بانی پی ٹی آئی سے کہا تھا بابر اعوان ، فواد چوہدری سے بچ کر رہنا‘ نعیم بخاری

کابینہ میں ہوتا تو محمد بن سلمان کی گھڑی بیچنے سے منع کرتا، پنجاب ، خیبرپختوانخواہ کی اسمبلیاں تحلیل کرنے سے روکا تھا

پیر 25 دسمبر 2023 18:20

بانی پی ٹی آئی سے کہا تھا بابر اعوان ، فواد چوہدری سے بچ کر رہنا‘ نعیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2023ء) معروف قانون دان نعیم بخاری نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف سے پہلے ہی کہا تھا کہ بابر اعوان اور فواد چوہدری سے بچ کر رہنا،القادر ٹرسٹ میں جب ٹرسٹی بدلے گئے تو میں نے کہا تھا یہ نہ کریں، بانی پی ٹی آئی کی کابینہ میں ہوتا تو محمد بن سلمان کی گھڑی بیچنے سے منع کرتا، پنجاب اور خیبرپختوانخواہ کی اسمبلیاں تحلیل کرنے سے روکا تھا ،ایک امیرآدمی نے کہاآپ کے تعلقات ہیں ہم چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی جیل سے نکل کرملک سے باہرآ جائیں،میں نے کہا نہیں یہ وقت نہیں پی ٹی آئی ختم ہو جائے گی انہیں جیل میں رہنے دیں ،بھٹو کی طرح پی ٹی آئی چیئرمین دلوں میں ہے،کچھ کرلیں عوام ووٹ پی ٹی آئی کو دیںگے،میاں صاحب کو غلط فہمی ہے گوالمنڈی میں ووٹ نہیں پڑنے۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو میں نعیم بخاری نے کہا کہ کیا بانی پی ٹی آئی کو بابر اعوان کی بیک گرائونڈ کا نہیں پتہ تھا میں نے اس وقت بانی پی ٹی آئی کو مشورہ دیا تھا کہ بابر اعوان اور فواد چوہدری سے بچ کر رہنا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کابینہ والے کہتے ہیں ہمیں دکھایا نہیں گیا تو وہ اس وقت ہی اٹھ کر کھڑے ہو جاتے،وزرا میں اتنی جرات نہیں تھی کہ پوچھتے کس چیز پر دستخط کرا رہے ہیں۔

نعیم بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہے، انہیں اس عمل سے گزرنا چاہیے۔ میں بانی پی ٹی آئی کی کابینہ میں ہوتا تو محمد بن سلمان کی گھڑی بیچنے سے منع کرتا۔ وزارت عظمی کے آخری دن مجھے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کیا ہو رہا ہے جس پر میں نے ان سے کہا کہ اپنے اٹارنی جنرل سے پوچھیں اور اٹارنی جنرل نے کہا کہ وہ ڈپٹی سپیکر کے فیصلے کا دفاع نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزرا ء کے سامنے مجھ سے بانی پی ٹی آئی نے پوچھا کہ اب کیا کرنا چاہیے تو میں نے کہا تھا کہ آپ دائیں بیٹھے تھے، اب بائیں بیٹھ جائیں لیکن اسمبلی سے نہ نکلیں،میں نے انہیں پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کی اسمبلیاں نہ توڑنے کا بھی مشورہ دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ آپ کی محفوظ جگہیں ہیں۔نعیم بخاری نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے عہدے کی پیشکش کی تھی جس پر میں نے ان سے کہا تھا کہ نیا عہدہ بنانا پڑے گا۔

چیف آف اسٹاف کا عہدہ جو افسران چنیں اور ہر فائل اس سے ہو کر وزیراعظم تک جائے۔نعیم بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) کے قائد اور سابق وزیراعظم کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف کے خلاف پاناما کیس 100 فیصد درست تھا، انہوں نے دو بار بتایا کہ پیسے کہاں سے آئے اور دونوں بار ہی جھوٹ بولا، عدالت میں قطری خط پیش کر دیا۔پانامہ کیس میں استغاثہ کے وکیل نے کہا کہ اس کیس میں جے آئی ٹی کی رپورٹ بڑی واضح تھی، وقت آئے گا کہ پاناما کیس وہیں پر ہو گا۔

پاکستان میں سب کچھ ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں ایک پائی نہیں لی بلکہ اخراجات بھی خود کرتا تھا۔8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اگر وہم ہے کہ گوالمنڈی میں پہلے کی طرح ووٹ پڑیں گے تو ایسا نہیں ہو گا، راجہ ریاض (ن) لیگ سے الیکشن لڑ رہا ہے، دیکھتا ہوں کتنے ووٹ پڑتے ہیں،پرویز خٹک بھی جیت کر دکھائے جب کہ آئی پی پی کا چانس صفر ہے۔